وزیراعلیٰ پنجاب کا کرتارپور سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے تک لنک روڈ کی تعمیر ومرمت کے پراجیکٹ کا اعلان

جمعرات 18 اپریل 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی یہ بیٹی خدمت کر کے پنجاب کے ہر باپ اور ہر بھائی کی پگ اونچی رکھے گی۔پنجاب کے لوگ خوش ہونا جانتے ہیں اورخوشیاں منانی آتی ہیں۔ہم پنجاب میں بستے ہیں،پنجاب ہمارے دل میں بستا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کرتار پورمیں ویساکھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کایہ اعزاز ہے کہ یہاں کے لوگوں نے اپنی دھی رانی کو وزیراعلیٰ بنا کر مان بڑھایا ،انہوں نے کہا کہ سکھ زائرین کی سہولت،خدمت اورحفاظت ہمارا فرض ہے، وزیراعلیٰ نے کرتارپور سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے تک لنک روڈ کی تعمیر ومرمت کے پراجیکٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کاحلف لینے کے بعد منصوبہ بنایا کہ کچھ ایسا کر سکیں کہ سکھ برادری کیلئے آسانی ہو۔

(جاری ہے)

سکھ مقدس مقامات اور علاقوں کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ یہاں اچھے ہوٹل تعمیر کریں گے۔ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کی بہترین سروسز مہیا کی جائیں گی۔ پنجاب کی دھرتی کے دروازے پوری دنیا کے سکھوں کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف نے 2013میں پہلے سکھ کو ایم پی اے بنا کر اس کرتار پورراہداری کی بنیا د رکھی۔

رمیش سنگھ اروڑہ پاکستان کے پہلے سکھ وزیر ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے مطالبے پر یہاں سڑک کی فوری تعمیر کا آرڈر دے کر آئی ہوں۔ درانتی سے گندم کی سنہری فصل کی کٹائی سے ویساکھی کا باقاعدہ آغازکر کے یہاں آئی ہوں۔مریم نوازشریف نے کہا کہ اس کھیت میں فصل کی کٹائی کا اعزاز حاصل ہوا جہاں گرونانک سنگھ گندم کاشت کرتے تھے۔ گرونانک سنگھ خود کٹائی کرتے تھے،آٹا گوندھ کر روٹیاں پکاتے اورمہمانوں کو پیش کرتے۔

یہ گندم اب گوروگھرکے لنگرمیں مہمانوں کی سیوا کے لئے استعمال میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں اور پنجاب ہمارے دن میں بستا ہے۔ ایسٹر، ہولی، رمضان المبارک،عید اوراب خالصہ جنم دن اور ویساکھی کے تہوار چند ہفتوں کے فرق سے منائے جارہے ہیں۔یہ میرا پنجاب ہے،یہاں ویساکھی، ایسٹر،کرسمس،ہولی اور عید کی خوشیاں سب اکٹھے مل کر مناتے ہیں۔یہ ایام سب کیلئے خوشی کا پیغام لائے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں