وزیر بلدیات پنجاب کی زیرصدارت اجلاس،لاہور ری ویمپنگ پلان میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا

جمعہ 19 اپریل 2024 01:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت اجلاس میں چیف منسٹر لاہور ری ویمپنگ پلان کی تکمیل کے لئے 30 جون کی ڈیڈلائن مقرر کرنے اور محکمہ بلدیات پنجاب کا بطور تعمیراتی ایجنسی اختیار بلدیہ عظمیٰ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق واسا ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلی ٰکے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے / کمشنر محمد علی رندھاوا، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن / ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران لاہور ری ویمپنگ پلان میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر شروع کئے گئے ری ویمپنگ پلان کے تحت بلدیہ عظمی لاہور کی 188 اور واسا کی 207 سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ 25 اپریل تک ہر سکیم کی جی آئی ایس میپنگ مکمل ہو جائے گی۔ پی سی ون 10 روز میں مکمل اور ایک ماہ کے اندر سکیموں کی ٹینڈرنگ ہوگی جبکہ ڈپٹی کمشنر بطور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی لاہور نگرانی کریں گی۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ ٰمریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں کا ایک ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کی ہے، اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ری ویمپنگ مکمل ہونے پر لاہور میں چار پانچ سال تک کسی نئی ترقیاتی سکیم کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلی ذیشان ملک نے کہا کہ ہر علاقے کا ایم پی اے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔

سکیموں کی تکمیل کے بعد لاہور میں کوئی ٹوٹی گلی یا سڑک باقی نہیں رہے گی۔ زیادہ فوکس ماضی میں نظرانداز شدہ علاقوں پر ہوگا۔کمشنر لاہور نے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ ری ویمپنگ پلان کے دوران شجرکاری اور اینٹی سموگ اقدامات کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ری ویمپنگ پلان کے دوران موثر مانیٹرنگ میکانزم کام کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بتایا کہ پانچ روز میں ڈی ڈی ڈبلیو پی سے سکیموں کی منظوری لے لی جائے گی اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈیش بورڈ بھی قائم کر لیا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے واسا کے دفاتر کا دورہ کیا اور صارفین کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے وزیر بلدیات کو شکایات ڈیسک اور مانیٹرنگ سیل کے امور پر پر بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں