''لاہور راوی ریلی" کی افتتاحی تقریب بروز ہفتہ شروع ہوگی،ترجمان

جمعرات 2 مئی 2024 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) محکمہ سیاحت( ٹی ڈی سی پی) اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا )کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت لاہور میں " لاہور راوی ریلی" کی افتتاحی تقریب بروز ہفتہ 4 مئی سے شروع ہوگی ۔4 اور 5 مئی کو ہونے والی لاہور راوی جیپ ریلی کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( روڈا ) کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ ریلی کا روٹ لاہور راوی پل سے سیالکوٹ موٹروے کی طرف ہوگا جبکہ ریلی کا ٹریک تقریبا ً 35 کلومیٹر طویل ہو گا۔

ریلی میں ساٹھ کے قریب ڈرائیورز شریک ہوں گے جن میں خواتین ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں پہلی بار ڈرٹ بائیک،سٹریٹ بائیک اور ٹرک ریس کی کیٹیگریز میں ریس ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ4 مئی کو افتتاحی تقریب سی بی ڈی مین بلیوارڈ گلبرگ میں ہوگی جبکہ اختتامی تقریب 5 مئی کو لاہور فورٹ میں ہوگی۔انہوں نے مزیدکہا کہ محکمہ سیاحت کے تعاون سے زندہ دلان لاہور کے لیے ایک سنسنی خیز ایونٹ لا رہے ہیں،جس کا مقصد نوجوانوں اور ریسنگ کے شوقین افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔

دوسری طرف محکمہ سیاحت کے ترجمان نے اس حوالے سے اے پی پی کو بتایا کہ یہ ایک ایسا کھیل ہے جو پاکستان میں بے حد مقبول ہے،لاہور سے اس کا آغاز ایک مستقل خصوصیت پیدا کر دے گا۔انہوں نے سی بی ڈی پر ڈرائیوروں کا خیرمقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی موٹر سپورٹس میں اولین درجہ رکھتا ہے،جس نے مختلف ریلیوں میں 500 کلومیٹر تک کا ٹریک کور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربن سنٹر میں پہلی بار اس سطح پر ایک ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو کہ ایک امید افزا ترقی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فارمولا ون ریس کی میزبانی کا بھی منصوبہ ہے جس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ راوی ریلی کے بعد پنجاب کے باقی دریائوں میں بھی ایسی ہی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ محکمہ کا ارادہ ہے کہ ہر سال اس کا انعقاد کیا جائے۔راوی پر یہ ٹریک ایک مستقل فیچر ہوگا۔پاکستان بھر سے لوگ5 مئی کو ہونے والی ریلی میں شرکت کے لئے آرہے ہیں اور توقع ہے کہ اگلی بار بین الاقوامی ڈرائیورز کی بھی شرکت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ریلی کو دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کی سہولت کے لیے شٹل بس سروس دستیاب رہے گی۔\395

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں