فلسطین کا مسئلہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے، اسرائیل بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے،ڈاکٹر ابوالخیر زبیر

-ملی یکجہتی کونسل کسانوں کے ہمراہ ہے، حکومت کو ان کا حق نہیں کھانے دیں گے، لیاقت بلوچ ٴملی یکجہتی کونسل عاملہ کا اجلاس فلسطین، عقیدہ ختم نبوت، سود کی حرمت اور دیگر مسائل پرگفتگو شنید

ہفتہ 11 مئی 2024 22:10

Bلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2024ء) فلسطین کا مسئلہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے، اسرائیل بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے، قرآن کا واضح حکم ہے کہ یہودو نصاری تمھارے دوست نہیں ہو سکتے، غزہ کا گھیراو ہو چکا ہے۔ فلسطینوں کو بھوکا مارنے کی کوشش کی جارہی ہے، قحط کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کونسل کی عاملہ کے اجلاس میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ عیسائیوں سے کیا شکوہ کیا جائے اسلامی حکمرانوں سے شکوہ ہے۔ ہمارے حکمران عملی اقدام تو دور کی بات زبانی بیان تک نہیں دے رہے ہیں۔ ہمیں اسلامی ممالک کے سفراء سے ملاقات کرنی چاہیے۔ پاکستان ملائیشیا، ترکی، ایران اور افغانستان کے سفراء سے ملاقات کر کے مشترکہ اقدام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

صدر ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ اسی طرح قادیانی تفسیر کی اشاعت کا فیصلہ نیز ملک میں سود کے خاتمے کا فیصلہ بھی قابل تشویش ہیں۔

ملی یکجہتی کونسل اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے گی اور تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے عاملہ کے اجلاس میں طے پانے والے نکات اور فیصلہ جات کے بارے میں پریس کے اراکین کو آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، وفاقی شرعی عدالت کا سود کی حرمت کے حوالے سے فیصلہ، ٹرانسجینڈر ایکٹ، گندم کابحران، آزاد کشمیر میں توانائی کے مسئلہ کا حوالے سے احتجاج، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات، ملک میں امن وامان کی ابتر صورت حال، ملک کے تعلیمی اداروں میں فحاشی کے کلچر کا فروغ، گلگت بلتستان کو آئینی حقوق کی فراہمی نیز سندھ میں توہین صحابہؓ و اہل بیتؑ کے واقعات زیر بحث آئے۔

لیاقت بلوچ نے بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل جلد اپنا سربراہی اجلاس منعقد کرے گی اور اس میں ملک گیر تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ اجلاس امریکی یونیورسٹیوں میں طلبہ کی جانب سے فلسطین کے حق میں کیے جانے والے مظاہروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے نیز یہ اجلاس امت مسلمہ سیمطالبہ کرتا ہے کہ وہ رفح کے محاصرے کے خاتمے کے لیے عملی اقدام کرے۔

اس سلسلے میں کونسل کا ایک وفد مسلم ممالک کے سفیروں سے ملاقات کرے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قادیانی تفسیر کے فیصلے کے حوالے سے چیف جسٹس کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مبارک ثانی فیصلے کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل صدر ایران کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتی ہے۔

اس دورے میں طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ اسی طرح ملی یکجہتی کونسل تمام مسلم ممالک بالخصوص ایران، افعانستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انھوں نے کہا چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی پورے پاکستان کے لیے قابل فخر ہے۔ چینی انجینئرز پر حملہ پاک چین دوست کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی آئینی اور جمہوری اقدار کی بالادستی ملکی اور عوامی مفاد میں ہے۔

آئین کے نفاذ، عدلیہ کی آزادی نیز قانون کی براری کی بنیاد پر ہی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ 7 ستمبر عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھنے والوں گ*کے لیے ایک اہم دن ہے۔اس عقیدے کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے آئینی اقدامات کو پچاس سال مکمل ہونے والے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل اس سلسلے میں بڑی کانفرنس منعقد کرے گی۔ اجلاس میں ان کے علاوہ عالم مجلس ختم نبوت کے سربراہ مولانا اللہ وسایا، اسلامی تحریک پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، علمائے پاکستان کے سربراہ زاہد محمود قاسمی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی راہنما سید عبدالوحید شاہ، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل، تنظیم اسلامی کے مرکزی راہنما راجہ اصغر، ہدیة الہادی کے امیر رضیت باللہ،سربراہ البصیرہ ڈاکٹر علی عباس نقوی، ملی یکجہتی کونسل آزاد جموں وکشمیر کے صدرسردار اعجاز افضل، صدر خیبر پختونخوا عبدالواسع خان، شمالی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ جعفر نقوی، گلگت بلتستان کے نائب صدر زاہد علی خان کاچو اور دیگر نے خطاب کیا۔

ان افراد کے علاوہ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری مالیات طاہر رشید تنولی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ،مرکزی رابطہ سیکرٹری سید لطیف الرحمن شاہ، سید اسد عباس، سید مرتضیٰ عباس، آفس سیکرٹری اسرار احمد، عرفان حسین اور سہیل اسلم چوہان نے بھی شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں