ہیڈکوچ، سلیکٹرز کی تقرری اور دیگر اہم فیصلے اب کرکٹ کمیٹی کریگی

پی سی بی چیئرمین کانئی کرکٹ کمیٹی کو ملکی کرکٹ کے معاملات میں بااختیار بناکر اسے تمام بڑے فیصلوں کا اختیار دینے کا فیصلہ کمیٹی کا مقصد ہر سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئنگ کنڈیشن بھی یہی کمیٹی بنائیگی اور یہی کمیٹی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کریگی،ذرائع

پیر 22 اکتوبر 2018 14:22

ہیڈکوچ، سلیکٹرز کی تقرری اور دیگر اہم فیصلے اب کرکٹ کمیٹی کریگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلٰی سطح کی کرکٹ کمیٹی کو ٹیم کے ہیڈ کوچ اور دیگر کوچز کے علاوہ سلیکٹرز اور کئی بڑے فیصلوں کا اختیار حاصل ہوگا۔کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔ماضی میں کوچز اور سلیکشن کمیٹی کا تقرر چیئرمین کرتے تھے اور اس حوالے سے رسمی منظوری کیلئے کمیٹی تشکیل دی جاتی تھی لیکن اب چیئرمین نے ساری ذمہ داری کرکٹ کمیٹی کو دے دی ہے۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے نئی کرکٹ کمیٹی کو ملکی کرکٹ کے معاملات میں بااختیار بناکر اسے تمام بڑے فیصلوں کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے کیا گیا اور پی سی بی نے ابھی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا اعلان نہیں کیا لیکن تین سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور انتخاب عالم کرکٹ کمیٹی میں شامل ہونے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

پہلی بار اس کمیٹی میں ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کو شامل کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کا مقصد ہر سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئنگ کنڈیشن بھی یہی کمیٹی بنائے گی اور یہی کمیٹی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کریگی۔امپائروں، میچ ریفریز اور کیوریٹرزکے معیار میں بہتری بھی اس کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی جب کہ ملک بھر میں پِچوں کے معیار کو بہتر بنانے کے سلسلے میں یہی کمیٹی سفارشات دے گی۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں بد انتظامی کے واقعات اکثر میڈیا کی زینت بنتے ہیں اور یہ کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں سہولتوں کا جائزہ لے گی۔کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات کو مکمل کرنے کیلئے پی سی بی کے کسی بھی شعبے سے خفیہ معلومات حاصل کرسکتی ہے جب کہ کمیٹی کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چیئرمین کی منظوری سے کچھ اراکین کا تقرر کرسکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں