ْ لکی مروت،ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف وہراس پھیلانے والے 45افراد کے مقدمات درج ، نو گرفتار

جمعہ 23 جولائی 2021 17:00

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) پولیس نے عید کے پہلے روز بہرام خیل میں بے تحاشا ہوائی فائرنگ کے ذریعے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والی45افرادکے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ان میں سی9کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق عید کے پہلے روز بڑی تعداد میں لوگ عید کی خوشی منانے کے لئے بہرام خیل گائوں کے قریب نالے پر جمع ہوئے جہاں کوئی ڈیڑھ سو سے زائد افراد نے خودکار ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ کرکے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا یا۔

پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ سے دیہاتی عوام گھروں میں محبوس رہے اور وہ خوف کے مارے نہ نکل سکے یہی نہیں بلکہ بہرام خیل اور آس پاس کا علاقہ گنجان آباد ہے اور مسلح افراد کی فائرنگ سے انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا تھا، فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی ڈی پی او عمران خان کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں شروع کردیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد49افراد کی شناخت کی گئی جن میں سے 9کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرلئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ واقعہ میں مطلوب دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ کے بعد دونوں ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔ ڈی پی او عمران خان کے مطابق بہرام خیل نالہ اور ضلع ٹانک کے ساتھ سرحدی علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہوائی فائرنگ واقعہ میں ملوث افراد کی نشاندہی کے حوالے سے ان کے پاس معلومات ہوں تو موبائل فون نمبر 03159040109 پر بذریعہ ایس ایم ایس یا وٹس ایپ پولیس کو فراہم کریں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں