بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے موبائیل ریلیف و میڈیکل کیمپ کا انعقاد

بدھ 14 ستمبر 2022 21:39

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2022ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے لاڑکانہ اور اس کے نواحی علاقوں میں موبائل ریلیف و میڈیکل کیمپ جاری ہے ، 450 متاثرہ خاندانوں میں راشن اور 1200 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ یونیورسٹی کے پریس ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان کی خاص ہدایات پر موبائل ریلیف کیمپ کے ذریعے دور دراز گاؤں میں 450 متاثر ہ خاندانوں میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کی گئی اور دوسری طرف اپر سندھ کی بڑی خیمہ بستی میں بھی فری میڈیکل کیمپ ہسپتال کا انعقاد کیا گیا جس کے لئے یونیورسٹی کو چانڈکا میڈیکل ہسپتال کا تعاون حاصل ہے ۔

میڈیکل کیمپ میں جنرل اوپی ڈی ، بچوں کا وارڈ ، گائنی وارڈ ، اسکن ڈزیز وارڈ اور گیسٹرو وارڈ قائم کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کیمپ میں 20 سپیشلسٹ ڈاکٹرز ، 9 نرسنگ سٹاف اور سپورٹنگ سٹاف اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے ، خیمہ بستی میں قائم کیے گئے ہسپتال میں مجموعی طور پر 530 مریضوں کا علاج اور مفت ادویات دی گئی ، دوسری جانب مہر میڈیکل کالج سکھر کی جانب سے تعلقہ روہڑی کے نواحی گاؤں ٹہرڑی میں موبائل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 689 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا اور مفت ادویات دی گئی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ کوشش کر رہے ہیں سیلاب متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کی جائے اور اس مشکل وقت میں ہم دن رات محنت کر رہے ہیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں