لاڑکانہ ،شاعر اور ادیب مظہر ابڑو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جمعرات 2 مئی 2024 15:16

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) غنی پبلک ایلیمنٹری سکول میں سندھی ادبی سنگت کولاب جیئل کی جانب سے سندھی زبان کے معروف شاعر اور ادیب مظہر ابڑو (مرحوم) کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پروفیسر امتیاز علی مہیسر، نوجوان مصنف وشال امیر، سماجی رہنما اظہر علی ابڑو اور مظہر ابڑو کے بھائی نعیم اختر ابڑو مہمان خصوصی تھے،جنہوں نے مرحوم مظہر ابڑو کی زندگی پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر مصنف وشال امیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادا مظہر ادب کے حوالے سے میرے رہنما ہیں،انہوں نے مجھے ادب سے روشناس کرانے کے ساتھ ایڈیٹنگ کا فن سکھایا جس کی وجہ سے میں کامیاب ایڈیٹر بن سکا۔انہوں نے کہا کہ ادا مظہر ایک علمی و ادبی ادارہ تھا۔

(جاری ہے)

پروفیسرامتیاز علی مہیسر نے کہا کہ مظہر ابڑو کی وفات سے ہم میں ایک خلا پیدا ہوا ہے جوپر نہیں ہو سکے گا۔

میں نے ہمیشہ ان سے ہر ادبی تحقیقی معاملے پر بات کی، انہوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی۔ اس موقع پر غنی پبلک سکول کولاب جیئل کے پرنسپل گلشن علی ابڑو نے کہا کہ مظہر ابڑو سندھی ادب کا ایک بڑا نام تھا، جنہوں نے 1993 میں کولاب جیئل میں سندھی ادبی سنگت کی بنیاد رکھی، اب ہم ان کے نام سے مظہر ابڑو یادگار فورم قائم کر رہے ہیں، اس فورم سے طلبہ کو ادب کے علاوہ دینی علم میں مہارت حاصل کرنے کے لیے رہنمائی ملے گی۔

عاجز غلام رسول ابڑو نے کہا کہ مظہر ابڑو کی ادبی خدمات روشن سورج کی طرح نظر آتی ہیں۔ اظہر حسین ابڑو نے کہا کہ میں یونین کونسل کولاب جیئل کے چیئرمین کی حیثیت سے آپ سب کے ساتھ ہوں۔ آخر میں حافظ ہدایت نے مرحوم مظہر ابڑو کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر سندھی ادبی سنگت برانچ کولاب جیئل کے سیکرٹری شیراز اسلم ابڑو، استاد نوید، صوفی استاد عبدالحمید ابڑو، انور سانول ابڑو، ڈاکٹر انور پردیسی، صحافی اصغر ابڑو، سلیم اختر ابڑو اور سنگت برانچ کولاب جیئل کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں