کوئی شک نہیں کہ شروع سے لے کر ملک بد حالی کا شکار رہاہے ،من پسند لوگوں کو لا کر من پسند پارٹیاں بنا کر حکومت کرائی جا رہی ہے، اختر مینگل

اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ،اب تمام پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کے ملک کو بچانے کے لئے واحد راستہ آئین پر عمل سے ہوگا،سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی

بدھ 2 دسمبر 2020 23:53

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی بلوچستان اختر مینگل نے لاڑکانہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کے شروع سے لے کر ملک بد حالی کا شکار رہاہے اور من پسند لوگوں کو لا کر من پسند پارٹیاں بنا کر حکومت کرائی جا رہی ہے لیکن اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ،اب تمام پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کے ملک کو بچانے کے لئے واحد راستہ آئین پر عمل سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام قومیتوں کو ان کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ PDMکے پلیٹ فارم سے مخالفین کی اب شکست ہوگی اور ہماری فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کے امن و امان میں بلوچستان کا بڑا نام تھا لیکن اب بلوچستان کے لوگ دوسرے علاقوں میں پناہ لے رہے ہیں اور لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب PDMکے پلیٹ فارم سے تحریک چل رہی ہے اور جامع چارٹر کا اعلان ھوا تو بلوچستان کے بڑے مسائل حل ہونگے اور سب سے بڑا مسنگ پرسن کا مسئلہ حل ھوگا۔

یہ مسئلہ سندھ پنجاب کا بھی ہے اور یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کو بند کیا جائے اور صوبوں کو حقوق دیئے جائیں۔ پارلیمنٹ کی بالاستی کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا جو آزاد میڈیا کی بات کرتا ہے اس پر پابندی لگائی جاتی ہے اور ایسی پابندیاں ہم پر بھی لگائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کے اب بھی صحافیوں کو اٹھا کر گم کیا جاتا ہے اور ٹی وی اینکرز کو دھمکیاں دیں جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی بنیاد اس لئے رکھی گئی کے جو قومیں و علاقے ہیں ان کو صوبہ بنایا جائیگا اور یہ ملک جمہوری ہوگا لیکن شروع سے لے آج تک جمہوریت کو راستے سے ہٹایا گیا ہے اور اقتدار ان کو دیا گیا جن کو جمہوریت کا پتہ ہی نہیں جس سے جمہوریت کو نقصان ہوا۔ اس موقع پر پی این پی کے MPAمحمد نواز بلوچ،MPAاختر لانگو،امین مینگل ، محمد مراد مینگل کے علاوہ دیگر رہنما موجود تھے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں