رہنما تحریک انصاف لسبیلہ کامریڈ امام بخش بروہی نے بلو چ عوا می مو ومنٹ بام کے منشور آئین سے متفق ہو کر با قا عدہ شمو لیت کا اعلان کر دیا

جمعرات 16 جنوری 2020 19:05

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف لسبیلہ کے رہنما کامریڈ امام بخش بروہی کا ساتھیوں سمیت بلوچ عوامی موومنٹ بام کے مرکزی رہنما وسابق سینیٹر میر منظور احمد گچکی، رئیس نواز علی برفت ایڈووکیٹ، اسرار حکیم زہری، وڈیرہ علی حیدر عمرانی، دلشاد علی شیخ اور شیخ شیراز انور کی موجودگی میں بلوچ عوامی موومنٹ بام کے منشوروآئین سے متفق ہوکر باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔

شمولیت کرنے والوں میں کامریڈ امام بخش بروہی، عرفان بروہی، نورنبی بروہی، اعجاز احمد بروہی، سبحان بروہی، شاہ محمد بروہی، سائیں بخش بروہی، کریم بخش بروہی، چاکر بروہی، عنایت حسین بروہی، حاجی نبی بخش بروہی، غوث بخش بروہی، خلیل احمد بروہی سمیت دیگر کثیر تعداد میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر میر منظور احمد گچکی نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینیکے بجائے اسٹیبلشمنٹ کی جی حضوری میں مگن ہیں۔

بھٹ آباد سمیت پورا حب مسائل کا گڑھ بن چکا ہے مگر حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ حب سے منتخب نمائندوں نے حب کو کھنڈرات کے دور میں دھکیل دیا ہے جو عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے جس پر قطعاً خاموش ہوکر نہیں بیٹھ سکتے۔ نیب ترمیمی ایکٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ کی حمایت کرکے قوم پرستوں اور جمہوریت کے علمبرداروں نے اپنی بدعنوانیوں پر پردہ ڈال کر عوام کو شدید زک پہنچائی ہے جو کسی صورت معافی کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان مکمل طور نئی سامراج اور پرانی سامراج کے شکنجے میں ہے ایسے حالات میں بلوچ قوم پرستانہ اور جمہوریت پسندانہ سیاسی ورکرز کو چاہیے کہ بلوچ ساحل ووسائل، حق حاکمیت، حق خودارادیت، صوبائی خودمختاری سمیت دیگر قومی مسائل کے حل کی خاطر بلوچ عوامی موومنٹ میں شمولیت اختیار کریں۔ اس موقع پر رئیس نوازعلی برفت ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامریڈ امام بخش بروہی اور ان کے ساتھیوں نے بلوچ عوامی موومنٹ میں شامل ہوکر اپنا قومی فریضہ ادا کردیاہے ہم ان کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ہمیں بیحد خوش ہوئی ہے کہ نظریاتی دوست پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جس سے پارٹی کو مقبولیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے حب کے نااہل حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے خود کو ارب پتی بنادیا ہے 1985 سے حب سے منتخب ہونے والے نمائندوں کا احتساب ضروری ہے۔ محکمہ بلدیات سمیت تمام سرکاری محکمے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے حکمراں طبقہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے سرگرم دکھائی دیتے ہیں جو معاشرے کی پستی کی ایک کھلی دلیل ہے۔ اس موقع پر بلوچ عوامی موومنٹ کے مرکزی آرگنائزنگ کے ممبر اسرارحکیم زہری اور کامرہڈ امام بخش بروہی نے بھی خطاب کیا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں