لورالائی، فرنٹئر کور کا دہشت گردی ومنشیات کی روک تھام، امن وامان اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اہم کردار ہے، آئی جی ایف سی

پیر 16 ستمبر 2019 18:48

لورالائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل (ہلال امتیاز) سید فیض الحسن شاہ نے کہا ہے کہ فرنٹئر کور نہ صرف افغانستان اور ایران سرحدوں کی نگہبان ہے بلکہ صوبے میں امن وامان ،دہشت گردی ،منشیات کی روک تھام اور عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، شہید سپائیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی میں فرنٹئر کور اینڈ ٹریننگ سینٹر کے زیر اہتمام 63ویں فس ون ریکروٹس بیچ کے پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بریگیڈئیر نارتھ لیاقت علی ، کمشنر ژوب ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،ڈی ایس پی لورالائی ،چیف انسٹر کٹر آف فرنٹیئر کور اینڈ ٹریننگ سینٹر لورالائی لیفٹیننٹ کرنل کامران ،سابق ایم این اے مولانا امیر زمان ،سردار سکند ر حیات جوگیزئی ،سابق صوبائی وزیر سردار در محمد ناصر ،سردار معصوم خان ترین ،سردار اشرف اتمان خیل ودیگر سول فوجی اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنٹئر کور صوبے کی اہم اور بڑی سول آرمڈ فورس ہے جس میں آج 1535نئے ریکروٹس کا اضافہ ہوا ہے، ان نوجوانوں کی شرکت سے یقینی طور پر ان کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا،پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس با اعتماد اور قابل فخر نوجوان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر ادا کریں گے جس سے ملک وقوم کا نام روشن ہوگا اور ایف سی کے روایات بر قرار اور صوبے میں ترقی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریکروٹس نے جو تربیت حاصل کی ہے یہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مدد گار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹئر کور صوبے کی نظریاتی اور جغرفیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ صحت و معیار تعلیم میں بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور کھیلوں کی سہولت کیلئے بھی نوجوانوں کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے ،بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم تھما دیں گے، تعلیم ہی میں قوموں کی ترقی کا راز ہے، چند مٹی بھر دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔آخر میں آئی جی ایف سی نے اعلیٰ کارکردگی پانے والے ریکروٹس میں شیلڈ تقسیم کیں اور قبائلی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں