گلستان معذورین ادارے کی جانب سے اسپیشل افراد میں عید گفٹ اور وہیل چیئرز کی تقسیم قابل ستائش عمل ہے

اتوار 31 مارچ 2024 17:10

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن سمیرہ بلوچ نے کہا ہے کہ گلستان معذورین ادارے کی جانب سے اسپیشل افراد میں عید گفٹ اور وہیل چیئرز کی تقسیم قابل ستائش عمل ہے۔ اسپیشل افراد میں خوشیاں تقسیم کرنے پر ادارے کے سرپرست اور عہدیداران لائق تحسین ہیں۔میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے تعلیم یافتہ اسپیشل افرادکے لئے مختص پانچ فیصد سرکاری ملازمت کوٹہ پر نہ صرف ملازمتیں دی جائیں گی بلکہ میرپورخاص کا نام ملکی و غیر ملکی سطح پر روشن کرنے والے باصلاحیت و ہونہار اسپیشل میل/فیمیل کھلاڑیوں کی سرپرستی بھی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار نے ادارہ گلستان معذورین کی جانب سے عید گفٹ اور وہیل چیئرز کی تقسیم کے سالانہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے میئر او اراکین کی مشاورت سے اسپیشل افراد کے پانچ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کرکے میرپورخاص کے باصلاحیت اسپیشل افرادکو معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جائے گا اور اسپیشل افراد کی سرپرستی کی جائے گی۔

انہوں نے سابق ایم پی اے نصرت سلطانہ خواجہ کی اسپیشل افراد کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسپیشل افراد کے لئے کمپیوٹرز اور سوزوکی وین کی فراہمی سمیت گراں قدرخدمات سرانجام دی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سرپرست آفاق احمد خان، صدر قمرالدین ملک، عرفانہ باجوہ، یوسی چیئرمین سلیم خان اور ہندو پنچائیت کے صدر سمیت کمار نے کہا کہ ادارہ گلستان معذورین گذشتہ 20برس سے میرپورخاص ضلع کے افراد باہم معذورین کی فلاح و بہبود، تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے فعال کردار ادا کررہا ہے۔

اس ادارے کے باصلاحیت نوجوانوں نے ہنر، سماجی خدمات، وہیل چیئر کرکٹ، باسکٹ بال اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں صوبائی و قومی سطح کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر میرپورخاص کا نام روشن کیا ہے اور محدود وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے۔تقریب میں ادارے کے عہدیداران عبدالحفیظ سرہیو، نواز سرہیو، صلاح الدین فیصل بروہی اور اسپیشل افراد بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ \378

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں