نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی ذات مبارک کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا‘ڈپٹی کمشنر میرپور

ضلع میرپورمیں جشن عید میلاد النبیﷺ پورے مذہبی جوش وجذبہ اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاجائے گا

منگل 21 نومبر 2017 14:39

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنرانصر یعقوب نے کہاہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی ذات مبارک کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔ ضلع میرپورمیں جشن عید میلاد النبیﷺ پورے مذہبی جوش وجذبہ اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاجائے گا جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایاجائے گا۔

جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر میرپورشہرکو رنگ برنگی جھنڈیوں،بینروں،برقی قمقموں ،آرائشی گیٹوں سے سجایاجائے گا۔مساجد میں حمدونعت اوردرودشریف کی محافل منعقد ہونگی۔ جشن عید میلاد النبیﷺ ضلع کاجلوس وجلسہ مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام حسب سابق روٹ سے ہوتاہوا مرکزی جامع مسجدمفتی عبدالحکیم میں اختتام پذیرہوگا جہاںسیرت النبی ﷺ کے سلسلہ میں بڑااجتماع ہوگاجس میں مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران واراکین، سیاسی وسماجی قائدین، انجمن تاجراں ،سرکاری ملازمین، وکلاء ، طلباء ، صحافیوں سمیت عاشقان رسولﷺ کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

اس بات کافیصلہ یہاں ڈپٹی کمشنرانصر یعقوب کی زیرصدارت جشن عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ فاروق اکرم ، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن چوہدری غلام یاسین ، ایم ایس ڈاکٹرفاروق احمدنور، ڈی ایچ او ڈاکٹراصغرعلی چوہدری، ضلع مفتی ظفراقبال فاروقی، ایکسین برقیات زیاد اکبر، مرکزی میلاد کمیٹی کے چیئرمین ریاض عالم ایڈووکیٹ، میلاد کمیٹی کے صدر الحاج غلام رسول عوامی، مہتمم مرکزی جامع مسجد مفتی عبدالحکیم صاحبزادہ اسلام رشید، سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری محمدایوب، سیکرٹری جنرل شوکت چوہدری،ڈپٹی سیکرٹری تعلیمی بورڈ چوہدری محمد تاج ، انجمن تاجراں کے صدرراجہ خالد،شیخ عبدالحق،صدر یوتھ ونگ میلادکمیٹی نوید انجم عباسی،اسسٹنٹ ڈائریکٹرکالجز پروفیسر محمدصادق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع سردار محمد رفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹرریسکیو1122 ، چیف آفیسر ضلع کونسل زبیراحمدمرزا، خواجہ محمدلطیف، ایس ڈی او شوکت سرفراز عباسی کے علاوہ دیگرافراد نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ نہایت ہی عقیدت واحترام اور پورے مذہبی جوش جذبے سے منایا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پرمیلاد کمیٹی کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ادارے بھی بھرپورمعاونت کریں گے۔ اس سلسلہ میں مختلف محکموں کے ذمہ ذمہ داریاں بھی لگائی جائیں گی۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں مساجد میں محفل نعت سمیت دیگر محافل منعقد کی جائیں گی۔

جن میں نبی کریم حضرت محمدﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیاکہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے تمام اخراجات کمیٹی مخیرحضرات کے تعاون سے پوراکرے گی۔ میرپور شہر کی مین شاہراہ کو وائی کراس سے چوک شہیداںجبکہ چوک شہیداں سے قائد اعظم چوک تک چراغاں کیاجائے گا اور مختلف جگہ آرائشی گیٹ بنائے جائیں گے۔ اس طرح شہرکی تمام بڑی بڑی عمارتوں پرچراغاں بھی کیاجائے گااورشہرکو سبزجھنڈیوں سے سجایاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں