آزاد کشمیرکے عوام کے حقوق حل کرانا ہماری ذمہ داری ہے ، بیرسٹر سلطان

پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل کرائے گی ،جس طرح لوگ پی ٹی آئی کشمیر میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں لگتا ہے پاکستان میں تبدیلی کے بعد اب آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں چہ فاروق حیدر نے اپنی حکومت بچانے کے لئے 26 رکنی کابینہ اپنے ساتھ رکھی ہے لیکن جب آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کی صورت میں تبدیلی آئی تو یہ 26 رکنی کابینہ انہیں اپنے ساتھ کہیں نظر نہیں آئے گی، استقبالیہ سے خطاب

منگل 13 نومبر 2018 21:51

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیرکے عوام کے حقوق حل کرانا ہماری ذمہ داری ہے جہاں مقبوضہ کشمیر میں جاری سات لاکھ بھارتی افواج کے مظالم پر آواز اٹھانے کے لئے ہم دن رات کوشاں ہیں وہاں پر ہم آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کے لئے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل کرائے گی اور جس طرح لوگ پی ٹی آئی کشمیر میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں ایسے لگتا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کے بعد اب آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔

اگرچہ فاروق حیدر نے اپنی حکومت بچانے کے لئے 26 رکنی کابینہ اپنے ساتھ رکھی ہے لیکن جب آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کی صورت میں تبدیلی آئی تو یہ 26 رکنی کابینہ انہیں اپنے ساتھ کہیں نظر نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں میرپور میں چوہدری سہیل حنیف کی طرف سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء و سابق امیدوار ڈاکٹر عشرت سجاد اور دیگرپی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کے موقع پر منعقد کی گئی۔

جبکہ اس موقع پرپی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری ظفر انور، ممتاز قانون دان چوہدری خالد رشید، شیخ ارشد برکی اور دیگر مقررین خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت سجاد کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عشرت سجاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم سے خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں گے تاکہ خواتین معاشرے میں اپنا مثبت اور بہتر کردارادا کر سکیں۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں میرپور کے عوام کے یقین دلاتا ہوں کہ ہم میرپور کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔جس طرح عوام پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو رہے ہیں اب آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اورفاروق حیدر کے ساتھ انکی 26 رکنی کابینہ بھی ان کا ساتھ دینے کے لئے نہیں نظر آئے گی۔ اب پی ٹی آئی کشمیرایک بڑی عوامی قوت بن چکی ہے اور آزاد کشمیر میں انشا ء اللہ جلد پی ٹی آئی کشمیر کی حکومت ہوگی

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں