مہمند ایجنسی میں روز مرہ استعمال کی غیر خوراکی اشیاء پر لاگو ٹیکس ختم کر دیا گیا

چپل، سرف، ایندھن، کوئلہ، بھوسہ، کرش سمیت 38 اشیاء پر ٹیکس کے خاتمے سے عوام کو سالانہ 60 لاکھ روپے ریلیف ملے گا

منگل 10 اپریل 2018 23:02

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2018ء) مہمند ایجنسی میں روز مرہ استعمال کی غیر خوراکی اشیاء پر لاگو ٹیکس ختم کر دیا گیا۔ چپل، سرف، ایندھن، کوئلہ، بھوسہ، کرش سمیت 38 اشیاء پر ٹیکس کے خاتمے سے عوام کو سالانہ 60 لاکھ روپے ریلیف ملے گا۔ فاٹا سیکرٹریٹ اور ایم این اے کی مشاورت سے مزید بہتری کیلئے اقدامات اُٹھائے جائینگے۔

ڈومیسائل اور شناختی کارڈ ٹیکس کا خاتمہ طلباء کیلئے تھا۔ ان خیالا ت کا اظہار پولیٹیکل ایجنٹ محمد واصف سعید نے غلنئی جرگہ ہال میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر ایم این اے ملک بلال رحمان ، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس طارق اللہ ، توصیف خالد، شیر عالم خان اور تمام تحصیلداران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں عوامی مفاد اور قوت خرید میں اضافے کیلئے بتدریج اقدامات اُٹھائے جائینگے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز شناختی کارڈ اور عوامی مسائل پر لاگو پولیٹیکل انتظامیہ کا ٹیکس کاتمہ کیا گیا۔ جبکہ اب مہمند ایجنسی کو پشاور اور بندوبستی اضلاع سے لائی جانے والی روز مرہ استعمال کیلئے زیادہ خریدی جانے والی 38 غیر خوراکی اشیاء پر وصول کیا جانے والا ٹیکس ختم کیا جاتا ہے۔ جس سے عام لوگوں کو ماہانہ 5 لاکھ اور سالانہ 60 لاکھ روپے ریلیف ملے گا۔ جس کو موثر بنانے کیلئے میڈیا اور انتظامی افسران اپنا کردار ادا کریں۔ اور ہر غلطی کی بروقت نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں وصول کی جانے والی ٹیکسوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ اور مرحلہ وار غیر ضروری اور ناموزوں ٹیکس ختم کرینگے۔ اور پولیٹیکل انتظامیہ کی اخراجات میں کمی کی جائیگی۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں