چیئرمین واپڈا کا مہمند ڈیم کا دورہ، مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

جمعہ 8 ستمبر 2023 14:22

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2023ء) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر اُنہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ آئندہ لو فلو سیزن کے دوران دریائے سوات کا رُخ موڑنے کے لئے منصوبے کے ڈائی ورشن سسٹم کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے دورے میں پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

اُنہوں نے سپل وے بیسن پر کنکریٹ ورکس کا معائنہ کیا اور ڈائی ورشن ٹنلز سمیت ڈائی ورشن سسٹم کے مختلف حصوں کے علاوہ مین ڈیم کے دائیں اور بائیں کناروں پر تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو ڈائی ورشن سکیم کے شیڈول، مین ڈیم کی تعمیر کے لئے درکار میٹریل کی دستیابی اور اِسے ذخیرہ کرنے کی غرض سے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ کیاگیا۔

چیئرمین نے کہا کہ مہمند ڈیم پر اجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے اہم اہداف کا بروقت حصول ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پراجیکٹ ٹیم خصوصاًکنٹریکٹرز کو اِس ضمن میں مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیرکیاجارہا ہے،یہ اپنی نوعیت کا دُنیا بھر میں پانچواں بلند ترین سی ایف آر ڈیم ہے۔

اِس ڈیم کی بدولت زراعت کے لئے پانی دستیاب ہوگا، سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی، پشاور شہر کے لئے پینے کا پانی میسر ہوگا اور سستی، ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔ مہمند ڈیم کی تکمیل 27۔2026میں شیڈول ہے۔مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1.29ملین ایکڑ فٹ ہے، جس سے مہمند اور چار سدہ میں 18ہزار 233 ایکڑ نئی اراضی کے سیراب ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ اراضی کے لئے بھی اضافی پانی دستیاب ہوگا۔ منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800میگاواٹ ہے۔ اِس منصوبے سے نیشنل گرڈ کو سالانہ اوسطاً 2 ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔ مہمند ڈیم سے پشاور شہر کو یومیہ 300ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کیا جاسکے گا۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں