وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات

ہفتہ 8 اگست 2020 19:04

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کے روز لاہور میں ملاقات کی ۔اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک،چیف وہیپ قومی اسمبلی ایم این اے عامر ڈوگر،ایم این اے زین قریشی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لئے فوری طورپر انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز کو جلد تعینات کر دیا جائے گا-محکموں کے سیکرٹریز مکمل بااختیار ہوں گے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی و مالیاتی لحاظ سے خود مختاری دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن، بہاولپورڈویژن اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے متعلقہ امور مقامی طورپر نمٹائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان میں 100بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔یہ ہسپتال غلہ منڈی کی پرانی عمارت کی جگہ پر بنایاجائے گا۔ملتان میں واسا او رسیوریج سے متعلقہ مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا اقدام ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا گیا۔سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے۔جنوبی پنجاب کے عوام نے ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو عام انتخابات میں بری طرح مسترد کیا۔

تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا۔عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی قوم نے یوم استحصال کشمیر پر ہر سطح پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا۔پوری قوم نے یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا۔لاہورسمیت پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک سڑک کو سرینگرکے نام سے منسوب کریں گے۔

غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا دیں۔بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔اس موقع پروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے۔

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے اورگورننس بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیرادھورا ہے۔مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے بد ترین لاک ڈاؤن اور ظلم وستم کی شدید مذمت بھی کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں