بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ، بلدیاتی انتخابات اپریل2022میں متوقع ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر

ہفتہ 27 نومبر 2021 16:49

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ، بلدیاتی انتخابات اپریل2022میں متوقع ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) صوبائی ا لیکشن کمشنرغلام اسرا رخان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور بلدیاتی انتخابات اپریل2022میں متوقع ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس ملتان میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے غلام اسرارخان نے کہاکہ موجودہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت 31دسمبر 2021کو ختم ہورہی ہے۔

آئین اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ 120دن کے اندردوبارہ انتخابات کرائے۔ بلدیاتی انتخابات کی تیا ریوں کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بل کا انتظارکررہے ہیں جیسے ہی ہمیں دستاویزات ملیں گی ہم حلقہ بندیوں کی طرف کام کا آغاز کردیں گے۔صوبائی الیکشن کمشنر نے کہاکہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر طے کریں گے کہ بلدیاتی انتخابات ایک یا دو سے زیادہ فیز میں منعقد کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

2018 کے عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ 2018کے انتخابات شفاف تھے اوراس حوالے سے تمام بیانات صرف زبانی جمع خرچ ہیں۔یہ سب سے بہترین الیکشن تھے۔غلام اسرار خان نے کہاکہ ڈی ایچ اے ملتان کی تعمیر سے تقریبا آٹھ مواضعات کے لوگ نقل مکانی کرگئے ۔الیکشن کمیشن نے میڈیا کے توسط سے ان نقل مکانی کرنے والے لوگوں کوپیغام دیا ہے کہ وہ جلد ازجلد اپنا ووٹ دوبارہ اپنے مستقل یا موجودہ پتہ پر درج کرائیں کیونکہ الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق موجودہ یا مستقل پتے پر ہی ووٹ کااندراج کرتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 6دسمبر تک الیکشن کمیشن کے نمائندے گھرگھرجا کر شناختی کارڈ کے ذریعے ووٹوں کااندراج کررہے ہیں تاکہ الیکٹورل رول صاف،شفاف اوربغیر کسی غلطی کے پورا کیا جاسکے۔انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرزجن میں منتخب اراکین اسمبلی اورالیکشن میں حصہ لینے والے نمائندے و دیگر سیاسی عہدیداران شامل ہیں ،اپنا کردارادا کریں اور تصدیقی عملے کے ساتھ مل کر ووٹرز کوووٹ کے اندراج میں آگاہی فراہم کریں۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹیاں بنادی ہیں۔ای وی ایم ا ورآرٹی ایس پر کام ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی قیادت میں 2023کے انتخابات بہترین طریقے منعقد کرائے جائیں گے۔ این اے -133لاہوراورپی پی -206خانیوال میں ہونے و الے ضمنی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 2023کے انتخابات کیلئے ووٹرز کی حتمی فہرستیں اپریل 2022تک مکمل ہوجائیں گی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرمحمد سلیم اخترخان نے کہاکہ ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ڈسٹرکٹ آفسز میں شکایات سیل بنادیئے گئے ہیں۔ کسی قسم کی بھی شکایت کے حوالے سے ووٹرز ان دفاتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں