ٹیکس ناہندگان کی فہرست ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھی مہیا کی جائے، کمشنرملتان

جمعہ 16 نومبر 2018 17:53

ملتان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ ٹیکس کلیکشن کے اہداف کو بہتر بنایا جائے، دوہرے ٹیکس بارے عوام کو آگاہی دینے کیلئے سیمینارز اور واک کا اہتمام کیا جائے، ٹیکس ناہندگان کی فہرست ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھی مہیا کی جائے، ثقافتی سرگرمیوں اور کھیلوں کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے، آرٹس کونسل ضلع اور تحصیل کی سطح پر بھی ثقافتی سرگرمیوں کا کلینڈر تیار کرکے متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرے، محکمہ اطلاعات جعلی یا بغیرڈیکلریشن کے اخبارات، رسائل اور پرنٹنگ پریس بارے فہرست تیار کرے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے مختلف محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ لیتے ہوئے کیا، کمشنر نے کہا کہ ڈرامہ فیسٹیول ’’جشن تمثیلہ‘‘ میں پوزیشن لینے والی ٹیم کو 50 ہزار نقد انعام دیا جائے تاکہ غیر نصابی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے بارے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی ہو سکے، انہوںنے کہا کہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، ثقافتی اور تہذیبی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشرے میں سے شدت پسندی اور دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور بین الااقوامی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن ہو سکے گا، کمشنر نے محکمہ اطلاعات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ انتظامیہ کو عوامی مسائل بارے آگاہ کر کے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے، محکمہ اطلاعات ملتان کی سرکاری سرگرمیوں کی کوریج بھی قابل ستائش ہے،کمشنر نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کو ہدایت جاری کی کہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کی بزنس بارے ٹریننگ کرائی جائے اور ’سکل ڈویلپمنٹ پروگرام‘ بارے لائحہ عمل تیار کیا جائے، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی رئیس ہمایوں نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس کلیکشن میں حوصلہ افزاء نتائج حاصل کئے ہیں، ملتان میں کل 2436 ٹیکس دہندان رجسٹرڈ ہیں ،ضلع اور تحصیل کی سطح پر آگاہی سیمینار اور ورکشاپ بھی منعقد کروائی جاتی ہیں تاکہ عوام کو ٹیکس دینے کے فوائد بارے معلومات مہیا کی جا سکیں،ڈائریکٹر آرٹس کونسل ملتان سجاد جہانیہ نے بتایا کہ پچھلے سال 79 فنکاروں میں خدمت کارڈ تقسیم کیے گئے تھے جبکہ امسال تقریباً 100 فنکاروں کو خدمت کارڈ دینے بارے رپورٹ حکومت پنجاب کو بھجوادی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اطلاعات کے ساتھ ملکر ضلع اور تحصیل کی سطح پر کلچر شوز اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کلینڈر تیار کیا جا رہا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اصغر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات، حکومت پنجاب اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پیشہ ورانہ وسائل سے کام لیا جا رہا ہے، محکمہ اطلاعات حکومت پنجاب کے اقدامات کو عوام کی آگاہی کے لیے بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہا ہے،اجلاس میں ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عطا ء اللہ قریشی نے بھی بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، محمد علی طاہر اور ارفع حسین بھی موجود تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں