آخری بھانے کی شہر سے منتقلی تک آپریشن جاری رہے گا،کمشنرملتان کا غیرقانونی بھانوں کے خلاف کریک ڈائون کاحکم

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:08

ملتان ۔20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر کمشنر ملتان ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن افتخار علی سہو نے شہری علاقوں میں قائم غیر قانونی بھانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن ٹیم نے شجاع آباد روڈ،نیاز ٹاؤن،اسلام نگر، مختار ٹاؤن، ہاشمی کالونی اور اطراف میں قائم 10 غیر قانونی بھانوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن محمد اقبال نے کہا کہ شہری علاقوں میں قائم بھانے نہ صرف گندگی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں بلکہ بھانوں کے باہر گوبر کی باقیات سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے۔ گنجان آباد علاقوں میں قائم بھانے سیورج کی بندش کا سبب بن رہے ہیں۔متعدد وارننگز اور چالان کے باوجود شہری علاقوں سے بھانے منتقل نہ کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ آخری بھانے کی شہر سے منتقلی تک آپریشن جاری رہے گا اور کسی کو بھی کار سرکار میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں