پنجاب کے 450خستہ حال سکولوں کی عمارتیں ازسرنو تعمیر کی جائیں گی،بجٹ میں رقوم مختص کردی گئیں

بدھ 23 جون 2021 14:07

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2021ء) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے اور اس مقصد کے لیے خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبے بھر کے450خستہ حال سکولوں کی عمارات کی ازسرنو تعمیر کی جائے گی جس پر ایک ارب 55کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح 82گرلز سکولوں کی اپ گریڈیشن پر 85کروڑ60 لاکھ روپے اور 70بوائز سکولوں کی اپ گریڈیشن پر 73کروڑ50لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

اس کے علاوہ 862سکولوں کو نئی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس پر 79کروڑ80لاکھ روپے لاگت آئے گی۔سال 2021-22کے دوران شام کے سکولوں ( انصاف آفٹر نون پروگرام) پر چھ ارب پچاس کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح پنجاب دانش سکول سسٹم پر ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی بجٹ 2021-22 میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یارخان کاقیام، صادق وومن یونیورسٹی بہاولپور کی عمارت کی تعمیر، میرچاکرخان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان کی عمارت کی تعمیر اور سپیشل ایجوکیشن سنٹر خانپور کی عمارت کی تعمیر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خانپور میں کیڈٹ کالج کے قیام اور ملتان میں شاداب انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن اور جسمانی معذوزبچوں کے سکول میں مزید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی و ترجمان وزیر اعلی پنجاب سبین گل نے’’ اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعلی عثمان بزدار نے اس بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے خطیر رقوم مختص کرکے دھرتی کا سپوت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

وہ اس خطے سے تعلق رکھتے ہیں اوریہاں کی محرومیوں اور مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ پی پی 213کے رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹروسیم خان بادوزئی نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان کے حلقہ انتخاب میں بھی تعلیمی اداروں کی تعمیروترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس مقصد کے لیے بجٹ میں رقوم بھی مختص کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جنگل خان محمد میں چاردیواری، اکیڈمک بلاک اور ٹوائلٹ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اسی طرح اسی علاقے میں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول جنگل خان محمد کو پرائمری سے ایلیمنٹری کا درجہ دیاجائے گا ۔ا ن دو منصوبوں پر 2کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جبکہ حالیہ بجٹ میں اس منصوبے کےلئے 50لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔اسی طرح گورنمنٹ بوائز سکول سورج میانی میں کمرہ امتحان اورچھ کمرے تعمیر کیے جائیں گے ۔دھورکوٹ گرلز سکول میں چار کمرے اوراکیڈمک بلاک تعمیر کیاجائے گا۔ان منصوبوں پر اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جن میں سے 62لاکھ 50ہزارروپے اس بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں