ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق

ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے نوجوان کا تعلق شکر گڑھ سے ہے، ریسکیو حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 5 دسمبر 2023 22:00

ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر2023ء) ٹک ٹاک بنانے کا شوق ایک اور قیمتی جان نگل گیا، مریدکے میں ننگل ساہداں کے قریب ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عبداللہ ولد شاہد سکنہ شکر گڑھ سے ہوئی۔

قبل ازین ملتان میں بھی ایک ایسا ہی افسوسناک واقعہ پیش آٰیا تھا۔ ملتان میں ٹک ٹاک بناتے ہوئےگولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ 3 ماہ بعدلاپتا ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ ٹک ٹاک بناتے ہوئے اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے سے ٹک ٹاکر کی موت واقع ہوگئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خوف کے باعث لاش خالی گراؤنڈ میں زمین کھودکر دبا دی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ملتان کے علاقے مظفر آباد میں 3 ماہ قبل سہیل نامی ایک نوجوان لاپتہ ہوگیا تھا، پولیس نے اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے بیان میں کس حد تک حقیقت ہے؟ اس پر مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر لاش بھی گڑھے سے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی۔

ملتان کے اس واقعے کی طرح آج سے دو برس قبل خیبرپختون خوا کے ضلع سوات میں ہاتھ میں پستول لے کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والا نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس حکام نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ نوجوان ہاتھ میں پستول لے کر آیا اور اسے لوڈ کر کے اپنی کنپٹی پر رکھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانا شروع ہوا۔ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران نوجوان سے ٹریگر دبا اور گولی چل گئی، جو اُس کے دماغ کو چیرتی ہوئی دوسری طرف سے باہر نکل گئی اور وہ موقع پر ہی گر گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سوات کی تحصل کبل کے علاقے ماہنٹر میں پیش آیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حمید اللہ کے نام سے ہوئی۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود متوفی کے دوستوں نے اُس کے گھر پر اطلاع دی، جس کے بعد اہل خانہ اُسے اسپتال لے کر پہنچے مگر اُس وقت تک روح جسم سے پرواز کرچکی تھی۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کی۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں