مریدکے : تین افراد کو بغیر کارروائی حراست میں رکھنے کا معاملہ

ڈی پی او شیخوپورہ نے اے ایس آئی اکرم کو اپنے ہی حوالات میں بند کرادیا، منشیات فروشی کی روک تھام میںناکامی پرایس ایچ او تھانہ صدر کو وارننگ جاری

بدھ 12 دسمبر 2018 22:34

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) ڈی پی او شیخوپورہ جہانزیب نذیر نے تین افراد کو بغیر کاروائی حراست میں رکھنے پر تھانہ سٹی کے اے ایس آئی اکرم کو اپنے ہی تھانہ کی حوالات میں بند کرا دیا جبکہ ننگل ساہداں میں منشیات فروشی کی روک تھام میںناکامی پرایس ایچ او تھانہ صدر کو وارننگ جاری کر دی۔انہوںنے کہا ہے کہ تما م تر وسائل کی فراہمی کے با وجود جو بھی ایس ایچ او علاقہ میں جرائم کی روک تھام نہیں کرے گا اسے ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

شیخوپورہ پولیس نے عوام اور میڈیا کے تعاون سے سنگین جرائم کی شرح میں نمائیاں کمی کی ہے اور اشتہاری ملزمان سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ گرفتار کرکے صورتحال کو کنٹرول کر لیا ہے۔دس سال سے زیر التوا ایف آئی آرز کے چالان نکلوائے گئے ہیںجنہیں پایہ تکمل تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تھانہ مریدکے میں کھلی کچہری کے دوران دو درجن سے زائد سائیلین کے موقع پر ہی مسائل حل کرنے اور جائیدادوں پر قبضہ ختم کرانے کے احکامات جاری کرنے کے بعد متحدہ پریس کلب مریدکے کے صدر سید قاسم علی شاہ، نائب صدر شیخ ساجد علی اور چیئر مین سید سجاد الحسن شیرازی کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا پولیس کی اوّلین ذمہ داری ہے اور اس میں کوتاہی برتنے والے کسی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ سرکل مریدکے کے ڈی ایس پی رانا محمد اسلام، ایس ایچ او سٹی رائے عبد الحمید، ایس ایچ او صدر عامر محبوب اور قائمقام ایس ایچ او تھانہ نارنگ منڈی محمدعارف نے دو ماہ کے دوران درجن سے زائد خطرناک اشتہاری ملزمان، نصف درجن سے زائد بڑے منشیات فروش اور اتنی تعداد میں ہی ڈکیت گینگ گرفتار کئے ہیں جس کے باعث علاقہ میں جاری جرائم کا سلسلہ کافی حد تک تھم گیا ہے اور سال کے آخر تک دیگر متحرک گینگز کوبھی جیل بھجوایا جائے گا۔

ڈی پی او جہانزیب نذیر نے مزید کہا کہ پولیس نے محکمہ ریونیو اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جائیدادوں پر قبضو ں اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو ان کے قریبی مقام پر انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھی عوام کے پاس جا کر ان کے مسائل حل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

کھلی کچہری میں خواتین کے پیش ہونے پر ڈی پی او نے کہا کہ ان کے معاملات پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں ہیں تاہم ان کے احترام میں وہ ذاتی طور پر دیگر محکموںکے ذریعے ان کے مسائل حل کرائیں گے۔ ڈی پی او شیخوپورہ جہانزیب نذیر نے پانچ درخواستیں ڈی ایس پی رانا اسلام کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایک گھنٹے کے اندر ان کا مسئلہ حل کرائیں۔ اس موقع پر ڈی پی او کے پی آر او واجد علی، سٹاف آفیسر غلام مرتضی ڈوگر، سب انسپکٹر مہر رب نواز، انچارج ہومیسائیڈ اعجاز خاں سمیت سرکل مریدکے کے دیگر پولیس آفیسران بھی موجو د تھے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں