یہودی امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کی اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہوپر کڑی تنقید

نیتن یاہو غیر قانونی جنگی پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش میں امریکی عوام کی توہین نہ کریں، گفتگو

اتوار 28 اپریل 2024 12:00

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) امریکا کے آزاد خیال یہودی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہوکو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے امریکی جامعات میں اسرائیل مخالف احتجاج اور نعرے لگائے گئے جس پر اسرائیلی وزیر اعظم نے یونیورسٹیوں میں احتجاج کویہودی دشمن قرار دیا تھا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ امریکی جامعات میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خوفناک ہے، یہود مخالف ہجوموں نے نامور جامعات پر قبضہ کرلیا ہے، یہود مخالف ہجوم اسرائیل کے خاتمے کا مطالبہ کررہے ہیں اور ہجوم یہودی طلبہ اور فیکلٹیوں پر حملے کررہے ہیں، اس سلسلے کو روکنا ہو ، امریکی جامعات کیکئی صدور کا ردعمل شرمناک ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان پر سینیٹر برنی سینڈرز نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نتین یاہو سام دشمنی تعصب کی ایک گھنانی اور مکروہ شکل ہے جس نے لاکھوں لوگوں کو ناقابل بیان نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ نیتن یاہو اسرائیل کی غیر اخلاقی اور غیر قانونی جنگی پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش میں امریکی عوام کی ذہانت کی توہین نہ کریں۔واضح رہے غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، اس کے علاوہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت اور امراض پھوٹنے کی وجہ سے بھی بچوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ادھر اقوام متحدہ نے گزشتہ روز اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 4 لاکھ سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جن کا ملبہ اٹھانے میں کم از کم 14 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں