امریکی رکن کانگریس کا مقبوضہ کشمیر میںمسلسل فوجی لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی پامالیوںپر اظہار تشویش

امریکہ میں ایک اچھی انتظامیہ اور ایک اچھا سکریٹری خارجہ کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کو چیلنج کریں گے‘ یویٹی کلارک

پیر 6 جولائی 2020 16:25

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) امریکی خاتون رکن کانگریسYvette Clarke نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلسل فوجی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیریوں کی حالت زار کو امریکی کانگریس میں اٹھائیں گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یہ بات نیویارک شہر کے ایک نواحی علاقے بروک لین میں امریکی یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پاکستانی امریکی ایسوسی ایشن نیویارک کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیںکشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش ہے ۔ انہوں نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے گزشتہ سال اگست میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے علاقے میں فوجی لاک ڈاؤن اورکرفیو نافذ کردیا تھا، مواصلات کے رابطے منقطع کردیے تھے اور ہزاروں کشمیریوں خاص کرنوجوانوں کو گرفتارکیاتھا۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی یویٹی کلارک نے کہاکہ امریکہ میں ایک اچھی انتظامیہ اور ایک اچھا سکریٹری خارجہ کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کو چیلنج کریں گے اور ان سے نمٹیں گے۔انہوںنے کہاکہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جابرانہ لاک ڈاؤن میں کشمیریوں کو درپیش مسائل کو کانگریس میں اجاگر کریں گی۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں