ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن کے شعبہ کیلئے آئندہ مالی سال میں ایک ارب پچیس کروڑروپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے، وزیرخزانہ عبدالماجد خان

ہفتہ 25 جون 2022 23:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2022ء) وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے اپنی بجٹ تقریر میں ایوان کو بتایا کہ ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن کے شعبہ کیلئے آئندہ مالی سال 2022-23 ء میں1250.00 ملین(ایک ارب پچیس کروڑ)روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے ۔ جس میں100.000 ملین(دس کروڑ )روپے کی بیرونی امداد بھی شامل ہے ۔ان مختص شدہ فنڈز سے30 مڈل اور 12 ہائی سکولوں کی عمارات پر تعمیراتی کام جاری رکھتے ہوئے 30 پرائمری سکولوں کی عمارات تعمیر کئے جانے کی تجویز ہے۔

نیز10 ہائی اور 20 ہائیر سیکنڈری سکولز کے ساتھ اضافی مکانیت کا کام شروع کیا جائے گااور آزاد کشمیر میں پرائمری لیول کے غریب طلباء میں مفت کتب کی تقسیم کی سکیم بھی شامل کی گئی ہے۔ نیزگرلز ہائی و ہائیرسیکنڈری سکولوں کے ساتھ چار دیواری وغیرہ کی تعمیر کیے جانے کے لیے 40.000ملین (چار کروڑ روپے) تجویز کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گرلز سکولز کو ٹائلٹ بلاکس جیسی اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی سکیم بعنوان Provision of Missing Facilities in Girls High/Higher Secondary Schools of AJ&K کے ذریعے 130.000 ملین (تیرہ کروڑ ) روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے۔

اسلامی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے ایک ترقیاتی منصوبہ لاگتی 2ارب 88کروڑ 75لاکھ روپے پر عملدرآمد کی تجویز ہے جس کے تحت آؤٹ آف سکول چلڈرن کو تعلیمی اداروں میں داخل کر کے شرح خواندگی میں اضافہ کو یقینی بنایا جائیگا۔ جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے شعبہ کیلئے آئندہ مالی سال 2022-23 میں 500کالج ٹیچرز کی ٹریننگ کی تجویز ہے ۔ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پونچھ راولاکوٹ کے مقام پر تحریک آزاد ی کے نامور رہنما غازی ملت سر دار محمد ابراہیم خان کے نام سے غازی ملت پبلک لائبریر ی پونچھ راولاکوٹ کاقیام عمل میں لایا گیا ہے ۔

لائبریری کو فنکشنل کرنے کے لیے مبلغ 9.865ملین (اٹھانوے لاکھ پینسٹھ ہزار )روپے کی لاگت سے فرنیچر اور کتب خرید کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں کوٹلی اور باغ میں بھی پبلک لائبریری کے قیام کی تجویز ہے جس کے لئے15 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔آئندہ مالی سال 2022-23 ء میں شعبہ ہذا کے لئے مجموعی مبلغ 920.000ملین (بانوے کروڑ )روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ مختص شدہ رقم سے زیر تعمیر کالجز کی عمارات کا کام تیز کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں 10کالجز کی تعمیر کے لئے نئی ترقیاتی سکیمیں مرتب کی جائیں گی۔گرلز کالجزکو ٹائلٹ بلاکس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی سکیم بعنوان Provision of Missing Facilities in Inter, Degree & PG Girls Colleges of AJ&Kکے ذریعے 130ملین (تیرہ کروڑ)روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے۔اس کے علاوہ بتعمیل عدالتی فیصلہ جات کالجز کی زمین کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے مبلغ 14.982 ملین (ایک کروڑ انچاس لاکھ بیاسی ہزار) روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سال2019 ء کے زلزلہ سے متاثر ہونے والے میرپور ڈویژن کے 11کالجز کی مرمت کے لیے آئندہ مالی سال میں مبلغ48.586ملین (چار کروڑ پچاسی لاکھ چھیاسی ہزار) روپے مختص کئے گئے ہیں۔ رواں مالی سال 2021-22میں کیڈٹ کالج مظفرآباد کی جاریہ سکیم فیز III- میں ہاسٹل کی تعمیرکے لیے مبلغ 71 ملین(سات کروڑ دس لاکھ) روپے مختص کیے گئے اور آئندہ مالی سال میں جاریہ منصوبہ کی تکمیل کے لیے مبلغ 58.561 ملین (پانچ کروڑ پچاسی لاکھ ) روپے مختص کیے گئے ہیں۔

رواں مالی سال 2021-22 میں یونیورسٹیز سب سیکٹر کے لیے مبلغ 112 ملین (گیارہ کروڑ بیس لاکھ ) روپے سے ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر برائے خواتین باغ کے لیے2054کنال 4مرلہ زمین خریدی گئی ہے اور منگ کیمپس یونیورسٹی آف پونچھ کے ار د گرد چا ر دیواری کی تعمیر کا کا م بھی جاری ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں