وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کی بلا امتیاز اور یکساں ترقی چاہتے ہیں ٗ چوہدری برجیس طاہر

کشمیری عوام ظلم کے اندھیروں کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں ٗ وفاقی وزیر چوہدری عبدالمجید قاتل وزیر کو پناہ دینے کی بجائے قانون کے حوالے کریں، کارکنوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ٗ جلسہ سے خطاب

بدھ 13 جولائی 2016 20:30

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کی بلا امتیاز اور یکساں ترقی چاہتے ہیں، کشمیری عوام ظلم کے اندھیروں کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت ڈھا رہی ہے، پیپلز پارٹی کا وزیر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہے، چوہدری عبدالمجید قاتل وزیر کو پناہ دینے کی بجائے قانون کے حوالے کریں، کارکنوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر حکومت کے جرائم کا نوٹس لیں۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکن نواز شریف کے سپاہی ہیں، مسلم لیگ (ن) ووٹ کے ذریعے انتقام لے گی۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار سردار میر اکبر خان کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ عام سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر خان، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، حلقہ شرقی باغ سے امیدوار سردار میر اکبر خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

برجیس طاہر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پانچ سال بڑی تکالیف میں گذارے، پی پی پی نے خدمت کی بجائے انتقام کی سیاست کی، عوامی ترقی کے لئے کوئی کام نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں محنت اور لگن سے کام کیا ہے، موٹر ویز، توانائی سمیت بڑی تعداد میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے، تین مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا کیس نہایت مدلل اور ٹھوس انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد نے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں عدم اعتماد کے ذریعے نہیں بلکہ ووٹ سے حکومت لیں گے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے افسران کو تنبیہہ کی کہ وہ کوئی غیر قانونی حکم نہ مانیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے قتل میں ملوث وزیر کو گرفتار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران کی اکثریت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئی ہے اور ہماری پارٹی آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ کی پرچی کے ذریعے کشمیر کی موجودہ حکومت کو گھر بھیجیں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں۔ انہوں نے بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں شرکت پر لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج میر اکبر خان کے حق میں واضح اکثریت سے فیصلہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جو سلوک اس علاقے کے ساتھ کیا، اس کے باعث یہاں کوئی ترقی نہ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی پی پی نے کوئی کام کیا ہوتا تو لوگ اسے اس حالت میں نہ چھوڑتے۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کو نوکریوں کی ضرورت ہے، پل نہ ہونے کے باعث لوگ دریا پار نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی والے کہتے ہیں کہ وہ پیسے سے لوگوں کو خریدیں گے، یہی پی پی پی کا کلچر ہے۔ اس نے حویلی میں بھی ہمارے کارکنوں کو شہید کر کے سنگین جرم کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ آخر چوہدری عزیز نے ان بدمعاشوں کا کیا بگاڑا تھا کہ ہمارے تین بھائیوں کو شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری عزیز نے بدمعاشوں کے آگے جھکنے سے انکار کیا، یہی اس کا گناہ تھا۔ عبدالمجید حکومت کا وزیر اس جرم میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اتنی بربریت کے بعد کارکنوں کو چاہئے کہ وہ پورے خطے میں پھیل کر پیغام دیں کہ کوئی شخص پی پی پی کو ووٹ نہ دے۔

چوہدری برجیس طاہر نے یاد دلایا کہ 1988ء میں راجیو گاندھی کی اسلام آباد آمد پر کشمیر کے بورڈ اتروا دیئے گئے تھے، کشمیر کے بورڈ اتروانے والے آج ہم پر الزام لگا رہے ہیں۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ میں نے، پرویز رشید اور ڈاکٹر آصف کرمانی نے انتخابی مہم کے دوران کبھی سرکاری گاڑی استعمال نہیں کی۔ اﷲ تعالیٰ نے مجھے نواز شریف کابینہ کا انچارج وزیر بنایا، مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ میں گاڑی لے کر پھرتا ہوں حالانکہ عبدالمجید حکومت کا وزیر دفعہ 302 کا ملزم ہے جسے ابھی تک برطرف نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف دور میں بھی سختیاں برداشت کیں اور جیلوں میں قید کاٹی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر حکومت کے مظالم کے باعث ہمارا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ کارکنوں کے قتل میں ملوث وزیر کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بھرپور اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے جلسہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جنہیں کسی نے یہاں آنے پر مجبور نہیں کیا۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے محبت پر کارکنوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آئندہ انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کے عزم کو دیکھتے ہوئے ہم نے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا۔ ہم مل کر آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے۔ سردار میر اکبر خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 21 جولائی کو مسلم لیگ (ن) سرخرو ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ حویلی میں کارکنوں کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں برسراقتدار آ کر وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق خطے کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم شہداء جموں منایا جا رہا ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور حکومت پاکستان کے کشمیر پر اصولی اور ٹھوس موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس پر ان کے شکر گذار ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں