عوامی بنیادی حقوق کیلئے 3سو کلو میٹر پیدل لانگ مارچ کرنیوالے سماجی کارکن محمود مسافر کی مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال 11ویں روز میں داخل ‘ حالت غیر ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا

جمعہ 20 اپریل 2018 20:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) عوامی بنیادی حقوق کیلئے 3سو کلو میٹر پیدل لانگ مارچ کرنیوالے سماجی کارکن محمود مسافر کی مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال 11ویں روز میں داخل ، حالت غیر ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ‘ دارلحکومت مظفرآباد کے مصروف کاروباری مرکز بینک روڈ پر محمود مسافر کا ہڑتالی کیمپ بدستور قائم ‘ شہریوں کی بھرپور دلچسپی ‘ سارا دن میلا لگا رہتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بنیادی عوامی حقوق کیلئے تین گدھوں اور ایک اونٹ کے ہمراہ بھمبر سے مظفرآباد تک تین سوکلومیٹر پیدل لانگ مارچ کرنیوالے محمود مسافر کی تحریک نے دارلحکومت مظفرآباد کی انتظامیہ کو چکرا کر رکھ دیا ہے ۔ محمود مسافر کو کوہالہ کے مقام سے گدھوں اور اونٹ کے ہمراہ جبراً گاڑی میں سوار کرکے ضلع کوٹلی پہنچا دیا گیا تھا جہاں محمود مسافر نے بھوک ہڑتال شروع کردی اسی حالت میں محمود مسافر نے کوٹلی سے ایک بار پھر لانگ مارچ شروع کیا اور انتظامیہ کو جل دیکر ایک بار پھر مظفرآباد پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ۔

(جاری ہے)

دارلحکومت مظفرآباد میں معروف کاروباری مرکز بینک روڈ پر محمود مسافر کا ہڑتال کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں محمود احمد مسافر کے ہمراہ برطانوی نژاد ، کشمیر صحافی تنویر احمد بھی اس کیمپ میں شامل ہے ۔ محمود احمد مسافر کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دارلحکومت کے شہریوں کی بڑی تعداد ہڑتالی کیمپ میں آجارہی ہے ۔ ہڑتالی کیمپ میں میلے کے سماں ہیں ۔

دریں اثناء محمود مسافر کی بھوک ہڑتال 11ویں روز میں داخل ہوگئی ہے ۔ بھوک ہڑتال کے باعث محمود احمد مسافر کی حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران محمود مسافر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے شہریوں کے بنیادی حقوق کیلئے اپنی جان تک کے قربان کرنے کے مصمم ارادے پر قائم ہے ۔ انتظامیہ کیساتھ اب کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔ دروغ گو اور دھوکے باز ، بالا دست طبقات کی غلام انتظامیہ اسے اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ۔ہسپتال میں محمود مسافر کی حالت بدستور خطرے میں ہے ۔ محمود مسافر کی بھوک ہڑتال ختم کروانے کیلئے سماجی و سیاسی رہنمائوں کے رابطے جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں