بنیادی ہیلتھ سینٹرز میں میڈیکل آفیسرز کی آسامیاں تخلیق شدہ نہ ہیں ، تخلیق کے بعد تحت ضابطہ تقرری /تعیناتی کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے گی

ہفتہ 13 اگست 2022 17:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) اراکین آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے کہا ہے کہ نیلم ویلی LA-26-25کے بنیادی ہیلتھ سینٹرز اشکوٹ ، لیسوا ہ ، جاگرا ں ، کٹن ، نیلم ، کیرن ، چانگن ، سرگن ، بکنواں ، سرگن ، کیل دومیل ، جانوئی ، ہلمت ، لوات بور میں میڈیکل آفیسرز کی آسامیاں تخلیق شدہ نہ ہیں ، آسامیوں کی تخلیق کے بعد تحت ضابطہ تقرری /تعیناتی کے لئے کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،آزاد کشمیر میں اس وقت غیر ہنر مند افراد کی کم سے کم تنخواہ بیس ہزار روپے مقرر ہے ،لیکن اس نوٹیفکیشن کا اطلاق موبائل کمپنیز کے ملازمین پر نہیں ہوتا،بلوچستان حکومت کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر کو Off-Serviceجہاز Lear Jet 31-Aبطور تحفہ دئیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا ، تاہم جہاز حکومت آزادکشمیر کو منتقل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن حکومت بلوچستا ن نے ابھی جاری کرنا ہے، طیارہ حوالگی کے بعد اس کے مصرف اور استعمال سے متعلق باقاعدہ پالیسی /طریقہ کار اور اخراجات وغیرہ کا تعین کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

مارچ سے جولائی تک آزادکشمیر کے مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ لگنے سے تقریبا 300کے لگ بھگ واقعات ہوئے ہیں ،خشک سالی کے باعث آگ لگنے کے واقعات مارچ 2022کے اوائل سے ہی شروع ہو گئے تھے ،محکمہ جنگلات میں ان واقعات پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کر لئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کے ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ نیلم ویلی LA-26-25کے بنیادی ہیلتھ سینٹرز اشکوٹ ، لیسوا ہ ، جاگرا ں ، کٹن ، نیلم ، کیرن ، چانگن ، سرگن ، بکنواں ، سرگن ، کیل دومیل ، جانوئی ، ہلمت ، لوات بور میں میڈیکل آفیسرز کی آسامیاں تخلیق شدہ نہ ہیں ، سیکرٹریٹ صحت عامہ کے تحت ان مراکز صحت کے لیے میڈیکل آفیسرز و ضروری پیرا میڈیکس کی آسامیوں کی تخلیق کے لئے معاملہ محکمہ مالیات کو ارسال شدہ ہے جو کہ محکمہ مالیات میں زیر کار ہے، آسامیوں کی تخلیق کے بعد تحت ضابطہ تقرری /تعیناتی کے لئے کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، اسوقت محکمہ صحت میں70فیصد نان ٹیکنیکل جبکہ 30فیصدٹیکنیکل آسامیاں ہیں، ہمیں اسوقت تین ہزار مزید ڈاکٹرز کی ضرورت ہے،دور دراز علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیحی ہے۔

ممبر اسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب خان کے ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موبائل کمپنیز کو لائسنس کا اجراء پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ، حکومت پاکستان ، ٹیلی کمیونیکیشن آرگنائزیشن ایکٹ 1996کے تحت کرتی ہے ، موبائل کمپنیز کے ٹاور پر تعینات ملازمین کی تنخواہ وغیرہ موبائل کمپنیز از خود تعین کرتی ہیں ، زیر بحث معاملہ محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ حکومت آزادکشمیر کے دائرہ کار میں نہیں آتا ، یہ درست ہے کہ سیکرٹریٹ صنعت ، لیبر ، معدنی وسائل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں اس وقت غیر ہنر مند افراد کی کم سے کم تنخواہ بیس ہزار روپے مقرر ہے ،لیکن اس نوٹیفکیشن کا اطلاق موبائل کمپنیز کے ملازمین پر نہیں ہوتا۔

تاہم اس بارہ مزید وضاحت محکمہ صنعت، لیبر و معدنی وسائل ہی کر سکتا ہے، آزاد کشمیر میں اس وقت دستیاب معلومات کے مطابق پانچ موبائل کمپنیاں کام کر رہی ہیں یہ کمپنیاں حکومت آزادکشمیر کے دائرہ کار میں نہیں آتی ہیں ،محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ آزادکشمیر روڈز کمیونیکیشن سے متعلق امور یکسو کرتا ہے، ہم نے وفاقی حکومت کو واجب الادارقم کی فراہمی کے لیے مراسلہ تحریر کر دیاہے،ٹیکسز کی رقم ہم نے وضع کر لی ہے جبکہ انکم کی رقم ابھی بقایا ہے، موبائل کمپینز کے ملازمین کی تنخواہوں کے حوالہ سے سیکرٹری لیبر وصنعت کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ رپورٹ پیش کریں اس معاملہ کو یکسو کریں گے۔

ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر کے ایک سوال کے جواب میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر کو Off-Serviceجہاز Lear Jet 31-Aبطور تحفہ دئیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا ، تاہم جہاز حکومت آزادکشمیر کو منتقل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن حکومت بلوچستا ن نے ابھی جاری کرنا ہے، طیارہ حوالگی کے بعد اس کے مصرف اور استعمال سے متعلق باقاعدہ پالیسی /طریقہ کار اور اخراجات وغیرہ کا تعین کیاجائے گا۔

ممبر اسمبلی محترمہ نثار اں عباسی کے ایک سوال کے جواب میں وزیر جنگلات محمد اکمل سرگالہ نے کہا کہ مارچ 2022سی15جولائی 2022ء تک آزادکشمیر کے مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ لگنے سے تقریبا 300کے لگ بھگ واقعات ہوئے ہیں جن میں پرائیویٹ رقبہ جات ، خالصہ سرکار اور شاملات دیہہ کے رقبہ جات بھی شامل ہیں ، آگ لگنے کے واقعات دوران سال غیر معمولی خشک سالی کے باعث معمول سے زیادہ ہوئے ہیں ، آزادکشمیر کا جنوبی حصہ زیادہ تر چیڑ کے درختان پر مشتمل ہے، جن میں درختان کے پتے اور دیگر چوڑے پتے والے درختان جھاڑیاں ، گھاس وغیرہ کے پتے جمع ہونے کے باعث آگ کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں ، چیڑ کے جنگلات میں دیگر جنگلات کی نسبت ریزن زیادہ ہوتا ہے اس لیے جنگلات میں آگ کے واقعات بھی زیادہ ہوتے ہیں،کیونکہ ریزن زیادہ آگ لگنے کا باعث بنتا ہے، آزادکشمیر کے جنوبی علاقہ جات میں آگ لگنے کا سیزن عمومی طور پر ہر سال 15اپریل سے 15جولائی تک ہوتا ہے ، لیکن اس سال خشک سالی کے باعث آگ لگنے کے واقعات مارچ 2022کے اوائل سے ہی شروع ہو گئے تھے ،محکمہ جنگلات میں ان واقعات پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کیئے ہیں ، جن میں فائر بریک لائنز کی تعمیر ،روڈ سائیڈ کلین اپ ، فائر پروٹیکشن کمیٹیوں کی تشکیل ہے، حالیہ آگ کے سیزن میں آگ پر قابو پاتے ہوئے بھمبر فاریسٹ ڈویژن محکمہ جنگلات کے ساتھ ملازمین بری طر ح آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آئے جن کو مقامی آبادی اور آرمی حکام نے ریسکیو کیا، ان سات ملازمین سے دو نے دوران علاج معالجہ کھاریاں سی ایم ایچ میں جام شہادت نوش کیا جن میں سے اک شکور احمد عارضی فاریسٹر اور اعجاز احمد فائٹر شامل تھے، محکمہ جنگلات نے اپنے محدود مالی وتکنیکی وسائل کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ہے ، جس کی وجہ سے پورے آزاد کشمیر میں کل رقبہ جنگلات کا 2فیصد سے بھی کم رقبہ آگ سے معمولی طور پرمتاثر ہوا ہے ، مسلح افواج پاکستان نے بھی محکمہ جنگلات کے کردار کو سراہا ہے اور شہداء کے اعزازمیں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا ہے،آگ لگنے والے ملزمان کے خلاف محکمہ کی جانب سے اقدامات کیے ہیں ، آزادکشمیر کے مختلف تھانوں میں FIRs 73کا اندراج کروایا گیا ہے، 40ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں، اس کے علاوہ 6FRکے تحت 221ملزمان کے خلاف مقدمات قائم کیئے گئے ہیں، آگ لگنے کے سیزن کے دوران مختلف جگہوں پر مقامی انتظامیہ کے تعاون سے دفعہ 144کا نفاذ کروایا گیا ہے ، آگ کے واقعات سے متعلق جملہ مقدمات زیر کارروائی ہیں جن کا حتمی تصفیہ اور سزا جزا کا تعین عدالتوں کے ذریعہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعدعمل میں آئے گا، جس کے لیے وقت درکار ہے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں