نارووال،رشتے سے انکار پر ملزمان کی خانہ بدوشوں پر فائرنگ سے تین سالہ بچہ جاں بحق ،ماں شدید زخمی

ملزمان 15سالہ لڑکی کو اغواء کر کے فرار ہو گئے،ٹیمیں تشکیل دیکر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ‘پولیس

پیر 29 اپریل 2024 13:25

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) تھانہ صدر نارووال کے علاقہ گرین سٹی میں رشتے سے انکار پر ملزمان کی خانہ بدوشوں پر فائرنگ سے تین سالہ بچہ جاں بحق اور ماں شدید زخمی ہو گئی،ملزمان 15سالہ لڑکی کو اغواء کر کے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس رپورٹ کے مطابق گرین سٹی میں جھگیوں میں رہائش پذیر خانہ بدوش گلزار حسین اپنے چچا محمد رفیق اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ جھگیوں میں سو رہے تھے کہ رات کے وقت مسلح ملزمان سکنہ سیالکوٹ خانہ بدوش آئے اور انہوں نے للکارا مارا کہ انہیں سنیاں بی بی کا رشتہ نہ دینے کا مزہ چکھا دو اور اسی دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر تین سالہ بچہ شماں ولد رفیق موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اسکی والدہ گڈو بی بی شدید زخمی ہو گئی۔

ملزمان پندرہ سالہ سنیاں بی بی کو اغواء کر کے فرار ہو گئے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔ڈی پی اونارووال کے احکامات پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کی نگرانی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اور آئی ٹی اور سی آئی اے ٹیموں کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں ۔اغواہونے والی بچی کو جلد از جلد بازیاب کروانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیکر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں