کارکن کمر کس لیں‘ بھرپور تیاری سے الیکشن میں اتریں گے، آصف زرداری

ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگاکر پاکستان بچایا تھا، ہم اب بھی ملک کو بچائیں گے۔ زعماء اور کارکنوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 نومبر 2023 10:28

کارکن کمر کس لیں‘ بھرپور تیاری سے الیکشن میں اتریں گے، آصف زرداری
نواب شاہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 نومبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کارکنان کمر کس لیں، ہم بھرپور تیاریوں کے ساتھ انتخابات کے میدان میں اتریں گے۔ تفصیالت کے مطابق شریک چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ان کے آبائی علاقے نواب شاہ میں زعماء اور کارکنوں نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاسی حکمت عملی اور انتخابات کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنماء طارق مسعود آرائیں، حاجی علی حسن زرداری، غلام قادر چانڈیو، قاضی محمد رشید بھٹی اور عاشق حسین زرداری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی جنگ میں صفِ اول کے سپاہی ہیں، ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگاکر پاکستان بچایا تھا، ہم اب بھی ملک کو بچائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی سکیم حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، جس کے تحت قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی کو ہدف بنایا گیا ہے اس سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سی ای سی ممبران سے مشاورت کرلی ہے۔

ذرائع کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ سندھ سے 50، پنجاب سے 25، خیبرپختونخوا سے 10 اور بلوچستان سے کم از کم 6 نشستیں جیتنے کی حکمت عملی بنائی ہے اس حوالے سے بڑے رہنماؤں کو اہم ٹاسک بھی سونپ دیئے گئے ہیں، پیپلزپارٹی نے کراچی کی قومی اسمبلی کی 21 نشستوں میں سے کم از کم 8 سے 10 نشستیں حاصل کرنے کا ہدف بنایا ہے، اندرون سندھ میں پیپلز پارٹی نے مکمل طور پر اپنی پوزیشن کو دوبارہ برقرار رکھنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نومبر کے وسط میں خیبرپختونخوا سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، اس دوران وہ پورے صوبے میں انتخابی مہم چلائیں گے، خیبرپختونخوا کے بعد پیپلز پارٹی بلوچستان کا رخ کرے گی اور وہاں بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، تیسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے پنجاب کو ہدف بنایا ہے جہاں خاص توجہ شمالی اور جنوبی پنجاب پر دی جائے گی کیوں کہ جنوبی پنجاب کے بعد صوبے میں یہی وہ علاقے ہیں جہاں سے پیپلز پارٹی کو سیٹیں نکالنے کی امید ہے جب کہ انتخابی مہم کے آخری مرحلے پر کراچی سمیت اندرون سندھ میں بڑے جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں