شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کا مجسمہ میوزیم انتظامیہ کی لاپروائی سے بری طرح شکار

سندھ میں حکومت کرنے والے بھٹو کے اصل وارث نہیں ہیں ورنہ آج بے نظیر کے مجسمے کا یہ حال نہ ہوتا، حلیم عادل شیخ

جمعرات 3 جنوری 2019 15:32

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کا مجسمہ میوزیم انتظامیہ کی لاپروائی سے بری طرح شکار ہو گیا، انتظامیہ کی بے حسی کے باعث مجسمہ ٹوٹ پھوٹ گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع شہید بے نظیر آباد کے صدر مقام نواب شاہ میں قائم میوزیم کی انتظامیہ کی شدید بے حسی کے باعث بے نظیر بھٹو کا مجسمہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ گیا ہے۔

بے نظیر بھٹو کی برسی کے محض 6دن بعد ہی ان کا مجسمہ میوزیم کے باہر پھینک دیا گیا۔

(جاری ہے)

نواب شاہ کے ایچ ایم خوجہ کمپلیکس میں قائم میوزیم میں بے نظیر بھٹو کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ بے نظیر بھٹو کا یہ مجسمہ سنبھال نہ سکی۔مجسمے کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، اور اسے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا گیا ہے، جو انتظامیہ کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے قائد کی عزت نہ کر سکیں وہ عوام کی خدمت کیا کر سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیر کا مجسمہ ایک کونے میں پھینک دیا گیا ہے، سندھ میں حکومت کرنے والے بھٹو کے اصل وارث نہیں ہیں ورنہ آج بے نظیر کے مجسمے کا یہ حال نہ ہوتا۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں