کمشنر شہید بینظیر آبادکی زیرصدارت ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتظامی و مقامی حکومتوں کے ڈویژنل اور ضلعی سربراہوںکااجلاس

جمعرات 28 فروری 2019 21:42

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن مرزا ناصرعلی نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ملک کے اندر پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اور صوبائی حکومت کے ہدایت کو نظر میں رکھتے ہوئے تمام انتظامی اور مقامی حکومتوں کے ڈویژنل اور ضلع سربراہوں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شہیدبینظیرآباد محمد یوسف عباسی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم حامد ،چیئرمین میونسپل کمیٹی نواب شاہ عظیم مغل ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شہید بینظیر آباد ،ڈائریکٹر اسکولز سیکنڈری ،اور پرائمری ایجوکیشن ،ضلع انچارچ سول ڈفنس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مرزا ناصر علی نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی کنٹرول روم بنا یاگیا ہے اور ہر ڈویژنل اور ضلع ہیڈکوارٹر وں میں بھی کنٹرول روم بنائے گئے ہیں اور تمام اداروں کو پاپند کیا گیا ہے کہ تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور ملک و قوم کی امنگوں کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن نے اس بات پر زور دیا کہ جوبھی سرکاری عمارتیں ، اسکول، کالیجز ہیں ان کا فوری طور پر دورہ کرکے عمارتوں کو کسی بھی ایمرجنسی مقاصد کے استعمال کے قابل بنایا جائے۔انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ جس بھی ادارے میں مشینری اور سہولیات موجود ہیں ان کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم حامد نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکاؤٹ اور رضاکاروں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کو محکمہ سول ڈفینس کے تعاون سے تربیت دینے کے لئے اقدام کئے جارہے ہیں۔

کمشنرنے چیمبر آف کامرس اور شہری بزنس کمیونٹی کے نمائندگان پر زور دیا کہ شہروں کے اندر تمام روز مرہ کی استعمال کی اشیاء ، گندم، چاول،آٹہ، دال وغیرہ کی موجودگی کو بڑی مقدار میں عوام کے لئے یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کمی اور ریٹ کنٹرول کی شکایت نہ ہو۔ تمام اداروں اور شہری نمائندوں نے کمشنر کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں