خیبر پختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی بنوں گا، پرویز خٹک

انتخابات میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کرکے ہی دم لوں گا۔ نوشہرہ میں جلسے سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جنوری 2024 20:52

خیبر پختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی  بنوں گا، پرویز خٹک
نوشہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی بنوں گا اور آئندہ انتخابات میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کر کے ہی دم لوں گا۔ نوشہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام اب عمران، نواز، زرداری اور مولانا کے دلفریب نعروں سے باخبر ہوچکے ہیں، ان کے سبز باغات دکھانے کی حقیقت قوم جان گئی ہے، یہ مداری کی طرح ڈگڈی کا کھیل تماشہ دکھا کر اپنا الو سیدھا کرنے میدان میں آتے ہیں اور جب یہ قوم کے ووٹوں سے اقتدار حاصل کرلیتے ہیں تو ان کے تیور ہی بدل جاتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اگر قائم تھی تو وہ میری وجہ سے تھی، جب میں نے راہیں جدا کیں تو نہ عمران رہا اور نہ ہی ان کی حکومت رہی، ان کی سوچ یورپ اور امریکہ کی سوچ تھی، وہ صوبے کے غریب عوام کے مسائل سے بے خبر تھے، انتخابات میں تو عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کرکے ہی دم لوں گا اور خیبرپختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی بنوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر ووٹ مانگنے والے ہمیشہ اسمبلیوں میں پہنچ کر غریب عوام کو بھول گئے، انہوں نے منتخب ہو کر صرف اور صرف لوٹ مار کی، مولانا فضل الرحمان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی؟ یہ اسی لوٹ مار کی ہے، خیبر پختونخوا میں 70 سے زائد امیدوار کھڑے کیے ہیں، 25 سے 30 آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے، قوم نے اس بار فیصلہ کر لیا ہے کہ صوبے میں صرف پگڑی کے نشان پر مہر لگائیں گے اور ہم عوام کے ووٹوں سے خیبر پختونخوا کو ترقی کے سفر پر گامزن کریں گے۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں