بلوچستان میں ایک بار پھر قتل و غارت گری ،دہشت گردی کا بازار گرم کرکے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،سردار پرنس قادر بلوچ

پیر 10 مئی 2021 16:00

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ضلعی صدر سرئے سرداران رخشانی سردار پرنس قادر بلوچ نے اپنے جاری بیان میں کوئٹہ تربت اور ژوب میں سیکورٹی فورسز کے نوجوانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں شہید و زخمی ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان میں امن کی مثالی صورت حال ملک دشمن قوتوں کو ہرگز گوارہ نہیںبلوچستان کے طول و عرض میں ایک مرتبہ پھر قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا بازار گرم کرکے بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے دشمن ہمسایہ ممالک کے ایماء پر کچھ عناصر اپنے ہی گھر کو آگ لگانے پر تلے ہوئے ہیں اور بیرونی ممالک کے اشاروں پر نہتے عوام اور بہادر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک افواج کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا بول بالا ہوا اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا بلوچستان میں کاروبار زندگی اور دیگر سرگرمیوں میں اضافہ ہوا مگر بلوچستان میں امن کی مثالی صورت حال ملک دشمن و بیرونی ممالک کے ٹکڑوں پر پلنے والے غلاموں و غداروں کو ناگوار گزری اور انہوں نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے واپس بلوچستان میں خون کی ہولی کھیلنا شروع کردیا ہے۔ان عناصر کے عزائم و مقاصد کے راہ میں پہلے بھی پاک افواج سیسہ پلائی دیوار بنی ہے آئندہ بھی انکے ناپاک عزائم کو پاک افواج اور عوام مل کر ناکام بنائیں گے۔انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی جبکہ زخمی نوجوانوں کے جلد صحت یابی کے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں