نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے سے 40 صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا،کچی آبادیوں کی جگہ کثیرالمنزلہ عمارتیں بنائینگے ‘عمران خان

پورے پاکستان میں ہائوسنگ منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں ،شرح نمو میں اضافہ ،نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کیا جانا ایک بڑا خواب تھا جس کے لیے کوشاں ہیں‘وزیراعظم کا رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 مئی 2019 22:33

نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے سے 40 صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا،کچی آبادیوں کی جگہ کثیرالمنزلہ عمارتیں بنائینگے ‘عمران خان
رینالہ خورد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ سے 40 صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا، پورے پاکستان میں یہ ہائوسنگ منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جس سے شرح نمو میں اضافہ ہو گا اور خوشحالی آئے گی، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور تنخواہ دار طبقہ کو مارگیج کے ذریعے ان کے اپنے گھر کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا،ہر پاکستانی کے سر پر اپنا چھت ہمارا خواب ہے، کچی آبادیوں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل کثیرالمنزلہ عمارتیں بنائیں گے جہاں مکمل بنیادی سہولیات دستیاب ہوں گی، پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کیے جانے کا ایک بڑا خواب تھا جس کے لیے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ میاں محمود الرشید سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو پورا کریڈٹ دیتا ہوں کہ ان کی ٹیم نے بھرپور طریقہ سے پانچ سال میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی ہماری ہائوسنگ پالیسی میں بھرپور حصہ ڈالا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ یہ کام مشکل ہے تو اگر یہ مشکل نہ ہوتا تو گذشتہ دس سال میں حکومت کرنے والے یہ کام کر چکے ہوتے، انشاء اللہ تمام مشکل کام ہماری حکومت کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس معاشرہ کے اندر جب تک احساس نہیں ہوتا وہ معاشرہ کبھی دنیا کی تاریخ میں آگے نہیں بڑھا، یورپ میں احساس نظر آئے گا وہ کمزور طبقہ کیلئے فکر مند رہتے ہیں، گھر سے تعلیم اور انصاف دلوانے کی ذمہ داری وہ ریاستیں لیتی ہیں وہاں پر غریب آدمی کو حکومت قانون معاونت دیتی ہے، غریبوں کیلئے روٹی کا بندوبست کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں اس وقت جو نظام ہے وہ سرکار مدینہ نے ریاست مدینہ میں متعارف کرایا اور فلاحی ریاست مدینہ کی تشکیل کی بنیاد پر ایک ہزار سال تک مسلم دنیا کی امامت کا ذریعہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ نے روم اور فارس کی سلطنتوں کی موجودگی میں غریب ریاست ہونے کے باوجود ثابت کیا کہ کمزور طبقہ کی مدد اور ذمہ داری ادا کرنے پر اللہ کی طرف سے مدد ہوتی ہے، کمزور طبقہ کو اوپر اٹھانے پر اللہ نے ریاست مدینہ کو اوپر اٹھا لیا۔

اللہ اس معاشرہ کو عزت دیتا ہے جو اس کے حبیب Kکے راستے پر چلتا ہے۔پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کیا جانے کا ایک بڑا خواب تھا۔ہم اب یہ کوشش کریں گے معاشی صورتحال خراب ہونے کے باوجود ہم یہ 50 لاکھ گھر بنائیں گے، اس حوالہ سے ہم نے پہلے مرحلہ میں قوانین بدلے ہیں، بینکوں کے قوانین میں تبدیلی لائی ہے، سارے پاکستان میں اب یہ ہائوسنگ منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہائوسنگ منصوبہ نجی شعبہ کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا اس سے نوجوانوں کو روزگار کے بڑے مواقع میسر آئیں گے، وہ چھوٹی کمپنیاں بنا کر ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کردار ادا کریں گے، اس کے علاوہ ہائوسنگ کے منصوبوں سے 40 صنعتوں کو فروغ ملے گا، شرح نمو میں اضافہ ہو گا، خوشحالی آئے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کچی آبادیوں کے حالات انتہائی خراب ہیں، اس کے لئے پروگرام شروع کر رہے ہیں یہاں چین کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی سے کثیرالمنزلہ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی جن میں بنیادی سہولیات باہم پہنچائی جائیں گی۔

چین نے اسی ٹیکنالوجی کی بدولت گوادر میں 6 ماہ میں دو منصوبے مکمل کئے، اگر ان منصوبوں میں یہ جدید ٹیکنالوجی استعمال نہ کی جاتی تو یہ منصوبے دو سال میں مکمل ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی لے رہے ہیں ان میں سہولت کیلئے سرمایہ کاری بورڈ میں ڈیسک بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ کا کام سالانہ بنیادوں پر زور پکڑے گا اب ہم اس کام کیلئے مکمل تیار ہیں، نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی بن چکی ہے اس سے ہائوسنگ سیکٹر اٹھنا شروع ہو گا جو لوگ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ اپنی تنخواہوں میں اپنا گھر بنا سکیں گے انہیں اب یہ موقع میسر آئے گا۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں