20 دہشت گرد جہنم واصل، سیکورٹی فورسز کا پنجگور اور نوشکی میں کلیئرنس آپریشن مکمل

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، پنجگور میں فالو اپ آپریشن 72 گھنٹے جاری رہا: آئی ایس پی آر

muhammad ali محمد علی ہفتہ 5 فروری 2022 21:10

20 دہشت گرد جہنم واصل، سیکورٹی فورسز کا پنجگور اور نوشکی میں کلیئرنس آپریشن مکمل
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری 2022ء) 20 دہشت گرد جہنم واصل، سیکورٹی فورسز کا پنجگور اور نوشکی میں کلیئرنس آپریشن مکمل۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں 2 فروری کو دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے جانے کے بعد پنجگور اور نوشکی میں شروع کیے گئے کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، پنجگور میں فالو اپ آپریشن 72 گھنٹے جاری رہا۔ پنجگور میں آپریشن کے دوران 5 اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے پنجگور میں بھاگنے والے 4 دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا، چاروں دہشت گرد آج مارے گئے، جبکہ پنجگور حملوں سے متعلقہ 3 دہشتگرد گزشتہ روز مارے گئے تھے۔

(جاری ہے)

نوشکی میں آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوئے۔ نوشکی اور پنجگور میں کیے گئے آپریشنز کے دوران کل 20 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کلیئرنس آپریشن کے بعد اپنے بیان میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے 2 فروری کی رات کو بلوچستان کے اضلاع نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کیے گئے تھے، جنہیں ناکام بنا کر دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا گیا تھا۔ حملوں کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے افغانستان اور بھارت میں ہینڈلرز کے ساتھ رابطے پکڑے گئے، اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحہ اور جوتے سب امریکی ساختہ ہیں جبکہ دہشت گردوں کے پہنا ہوا یونیفارم بھی امریکی ساختہ تھا۔

پنجگور میں شائع ہونے والی مزید خبریں