اپوزیشن کی اے پی سی کشمیر کاز کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے‘شوکت یوسفزئی

پیر 19 اگست 2019 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی کشمیر کاز کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے‘ پیر کے روز اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیزکانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن رہنمائوں کی کرپشن بے نقاب ہورہی ہے‘ اور ان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہورہاہے‘ جس سے بچنے کیلئے اپوزیشن مشترکہ طورپر واویلا کررہی ہے‘ انہوں نے کہاکہ گزشتہ اے پی سی کی طرح حالیہ اے پی سی بھی کھائو پیواور موج اڑائو اجتماع ثابت ہوگی‘ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس حکومت کیخلاف کوئی ایسا ایجنڈا نہیں جو عوام کو متاثر کرسکے‘ اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتیں اندرونی خلفشار کا بھی شکار ہیں‘ لہٰذا حکومت انہیں کوئی اہمیت نہیں دیتی‘انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی پہلے نمبر کی قیادت جیل میں ہے‘ دوسرے نمبر کی بیمار ہے اور آخر میں مولانا فضل الرحمن اکیلے ہی رہ جائینگے‘انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن اسلام کے نام پر اسلا م آباد پر قبضے کے خواب دیکھنے چھوڑ دیں‘انہوں نے کہاکہ حکومت اس وقت عالمی سطح پر کشمیر کی جنگ لڑرہی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے لیکن اس کے برعکس اپوزیشن ذاتی مفادات کی لڑائی میں مصروف ہے‘انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں انہیں کچھ تو کشمیریوں پر رحم کرنا چاہیے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں