افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین کو اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے،آفتاب شیرپائو

منگل 11 اگست 2020 22:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین کو اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ خطہ امن،خوشحالی اور تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور اسلام آباد میں سبکدوش ہونیوالے افغان سفیر عاطف مشعل سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری ہاشم بابر بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے مابین ہمسایہ ممالک کے تعلقات ،لویہ جرگہ کے سفارشات اور بین الافغان مزاکرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت ہوئی ۔آفتاب احمد خان شیرپائونے سبکدوش ہونے والے افغان سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوںگے اور خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کو تقویت ملے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ افغانستان گزشتہ کئی دہائیوںسے کشت و خون کے مراحل سے گزر رہا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرزلویہ جرگہ کی کامیابی ،امن کے قیام اور افغانستان میں استحکام لانے کیلئے مخلصانہ کوششیں کرے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور اس کے ساتھ تعلقات میں بہتری خطہ میں امن و سلامتی کی ضمانت ہے لہٰذا اسلام ٓآبادکو چاہیے کہ وہ کابل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور تجارتی روابط کومستحکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

انھوںنے کہا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ افغانستان میں تشدد کے خاتمے اور امن کے پائیدار قیام کیلئے بین الافغان مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام پورے خطے اور باالخصوص پاکستان کے مفاداور استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ افغانستان کا امن پاکستان کے استحکام سے جڑا ہوا ہے ۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں