خیبرپختونخوا میں خواتین سمیت حساس پولنگ اسٹیشنوں پر زیادہ سیکورٹی فراہم کی جائے،عمرحمید خان

جمعرات 9 دسمبر 2021 14:49

پشاور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2021ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد یقینی بنایا جائے خواتین سمیت حساس پولنگ اسٹیشنوں پر  زیادہ سیکورٹی فراہم کی جائے،افراد باہم معذوری سمیت دیگر محروم طبقات کو پولنگ اسٹیشنوں میں خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری آفس خیبر پختونخواہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

  اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری،  انسپکٹر جنرل فرنٹیرکانسٹیبلری صلاح الدین خان ، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شریف اللہ،سیکرٹری بلدیات خیبرپختونخوا سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عمرحمید نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 220کے تحت انتظامیہ کی الیکشن کمیشن کے ساتھ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت کی پابند ہے لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام، ووٹروں، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے بھی یکساں مواقع مہیا کئے جائیں اورالیکشن سے پہلے ضابطہ اخلاق پر بلا امتیاز عمل در آمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابی عمل کے دوران 487خلاف ورزیاں ہوئی ہیں اور جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے، الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائیںجبکہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تمام محروم طبقات اور بالخصوص خواتین کیلئے مناسب سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مواد کی تقسیم اور ٹرانسپورٹیشن کا بھی مناسب بندوبست اور سیکورٹی کا انتظام کیا جائے جبکہ نتائج مرتب کرتے وقت ڈی آر اوز اور آر اوز کے دفاتر میں بھی خاطر خواہ سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔

انہوں اجلاس کے انعقاد پر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور مجموعی طور پر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،سیکورٹی کے حوالہ سے انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیادہ حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے، بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میںکمی کو پورا کیا جائیگا۔

آئی جی فرنٹئیرکانسٹیبلری صلاح الدین خان نے بتایا کہ جہاں ایف سی کی تعیناتی کی ضرورت ہوگی وہ پولیس کے ساتھ ملکر پورا کیا جائیگاتاکہ یہ بلدیاتی انتخابات پر امن طریقے سے تکمیل کو پہنچ جائیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے ان کا محکمہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے اور امید ہے کہ انتخابات بہتر طریقے سے مکمل ہو جائیں گے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور توقع ظاہر کی کہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں