محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے، میناخان آفریدی

مختلف تجاویز زیر غور ہیں جنہیں بہت جلد باہمی مشاورت کے بعد صوبے میں نافذ کیا جائیگا، وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا

منگل 16 اپریل 2024 21:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور محکمہ اعلیٰ تعلیم میں جدید اصلاحات لانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم صوبے میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرانے پر غور کررہی ہے اور اس ضمن میں مختلف تجاویز پر کام بھی شروع کیا گیا ہے جنہیں بہت جلد باہمی مشاورت کے بعد صوبے میںنافذ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت تمام کالجز کے اساتذہ کی ٹرانسفر ای پالیسی کے تحت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی دور دراز علاقوںمیں اساتذہ کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاگو کی جائے گی، ٹرانسفر ڈومیسائل کے مطابق صوبہ بھر میں غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائیگی، اضلاع اور ریجن کی سطح پر ڈومیسائل کے مطابق اساتذہ کی ٹراسفر کی جائیگی، حکومت کے علم میں ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں اساتذہ کی کمی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں صوبائی وزیر میناخان آفریدی کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں سے اساتذہ کو انکے آبائی علاقوں میں ٹرانسفر کیا جائیگا۔ انہوں کہا کہ دور دراز علاقوں میں کالج فنڈز سے اضافی بھرتی کی گئی ہے جو کالج پر بوجھ ہے ،اساتذہ کی اپنے علاقوں میں ٹرانسفر سے متعلقہ کالجز کا مالی بوجھ بھی کم ہوگا جبکہ ای ٹرانسفر پالیسی سے شفافیت آئے گی اور عوام کا تعلیمی اداروں پر اعتماد بھی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی میں صوبائی حکومت کا کوئی بھی عمل دخل نہیں ہوگا تاہم تعلیم نظام میں بہتری لانے کیلئے بھرپور کوشش کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں