لله* خیبر پختونخوا میں سوات موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے، فضل حکیم خان یوسفزئی

Oموسمیاتی تبدیلیوں کیوجہ سے یہاں کے عوام کو کافی جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، گرین کلائیمیٹ فنڈ میں خیبر پختونخوا کو مسلسل نظر انداز کیا جانا باعث تشویش ہے، صوبائی وزیر

منگل 30 اپریل 2024 02:30

؛پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سوات موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کیوجہ سے یہاں کے عوام کو کافی جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، گرین کلائیمیٹ فنڈ میں خیبر پختونخوا کو مسلسل نظر انداز کیا جانا باعث تشویش ہے، صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہے، وہ گزشتہ روز مسلسل بارشوں کیوجہ سے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے شگئی سیدو شریف میں بارش سے متاثرہ شخص اصغر خان کے گھر کے معائنے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیر نے گھر اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر پی ٹی آئی سٹی صدر و چیئرمین ویلج کونسل حیدر علی بھی ان کے ہمراہ تھے بعد ازاں فضل حکیم خان یوسفزئی نے اخون بابا کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر جلنے والی دکان کے نقصان کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں صوبائی حکومت عوام کے غم میں شریک ہیں اور ہر قسم کی ریلیف کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے احکامات کے عین مطابق تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گی.

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں