اپوزیشن اتحاد کا پشین میں جلسہ، انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی

پشین میں انتظامیہ کی جانب سے شہر میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اپریل 2024 11:04

اپوزیشن اتحاد کا پشین میں جلسہ، انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی
پشین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2024ء ) اپوزیشن اتحاد کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں جلسے کے پیش نظر انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے بلوچستان کے ضلع پشین میں آج جلسے کا اعلان کیا ہوا ہے، تاج لالا فٹبال اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، انتظامیہ نے اس سے پہلے ہی پشین میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، پشین میں انتظامیہ کی جانب سے شہر میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جلسہ گاہ کے اندراور باہر سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے، ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام سے جلسہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے ’تحریک تحفظ آئین‘ کے نام سے ایک اتحاد قائم کیا ہے، تحریک تحفظ آئین کا صدر محمود اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے، اس حوالے سے 6 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد کا کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں عمر ایوب، اخترمینگل، محمود اچکزئی، لیاقت بلوچ اور دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا اتحاد بننے جارہا ہے آج دوسری میٹنگ تھی، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں جہاں قانون کی پاسداری نہ ہووہاں خوشحالی نہیں ہوتی، تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھا گیا ہے، ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی تحریک کا صدر محمود خان اچکزئی کو نامزد کررہے ہیں، تحریک تحفظ آئین کی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام جلسے ایکشن پلان کے تحت ہوں گے، بلوچستان میں کل دو جلسے کرنے جارہے ہیں۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ شوریٰ اجلاس کے بعد حتمی مئوقف سامنے رکھیں گے، اس اجلاس کے اعلامیہ سے ہمارا اتفاق ہے، عوام کو دیوار سے لگا دیا اور مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جارہا۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں