سابقہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوئے ،الیکشن مہم کے دوران کئے گئے وعدوں پر وہ عملدرآمد بھی نہیں کراسکے،اے این پی کو عوام نے مینڈیٹ دیا تو تمام مشکلات حل کرینگے ،حاجی نظام الدین کاکڑ و دیگر

جمعہ 6 جولائی 2018 20:05

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ونامزد امیدوار برائے این اے 262حاجی نظام الدین کاکڑ،ضلعی صدر ونامزد امیدوار برائے حلقہ پی بی 18پشین عبدالباری کاکڑ نے کہاہے کہ سابقہ حکمران عوام کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں بلکہ الیکشن مہم کے دوران کئے گئے وعدوں پر وہ عملدرآمد بھی نہیں کراسکے ہیں ،عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدواروں کو عوام نے مینڈیٹ دیا تو تمام مشکلات حل کرینگے اور انہیں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیںگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پشین کے کلی بلوزئی ملی کلی مغٹیان میں حمایت کرنے والوں اور اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجتماعات اور جرگہ سے آغا محمد صاحب ،منیراحمد پانیزئی ،حافظ شبیر ،اسرار پانیزئی ،محمدیار ،عبدالہادی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ پشتونستان کے علمبرداروں کے دور میں عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم رہے بلکہ انہیں دئیے انتخابی مہم کے دوران دئیے گئے خوشنما نعرے بھی طفل تسلیاں ثابت ہوئیں کیونکہ اس وقت صوبے میں نہ صرف پانی کا بحران سنگین تر صورتحال اختیار کر گیاہے بلکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ،زراعت کی تباہ حالی ،بے روزگاری اور کرپشن بھی عروج پر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے اجتماعی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے کام کیا اسی لئے عوام بنیادی ضروریات زندگی اور سہولیات سے محروم رہ گئے ہیں بلکہ صوبے میں تعلیمی ودیگر شعبوں میں پسماندگی بھی کسی سے پوشیدہ نہیں، غیور اور باشعور عوام پر حقیقی نمائندوں اور خوشنما نعرے دینے والوں کے چہرے عیاں ہوچکے ہیں ،عوام جا نتی ہے کہ کس نے امن کے نفاذ ،نظام تعلیم اور صحت میں انقلابی اصلاحات کے دعوے کئے اور اب مختلف شعبوں کی حالت زار کیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر وہی جماعتیں جو عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں مختلف خوشنما نعروں کے ساتھ میدان عمل میں آچکی ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ عوام کو ایک مرتبہ پھر خوشنما نعروں سے ورغلا کر پارلیمنٹ تک پہنچا جاسکے لیکن اب کے بار ایسا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ عوام اچھے برے کی تمیز کرناجانتے ہیں اور انہیں عوامی نیشنل پارٹی کی حقیقت پر مبنی سیاست کا پتہ ہے ،عوامی نیشنل پارٹی نے عدم تشدد کے فلسفے کے تحت نہ صرف جدوجہد کی ہے بلکہ امن کے قیام ،زرا عت ،تعلیم ،صحت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری لانے کیلئے بھی ہرممکن کوشش کی ہے ،انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے دوران عوام نے اے این پی کے نامزد امیدواران کو مینڈیٹ سے نوازا تو ان کی جماعت عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل اور انہیں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں