پٹ فیڈر کینال میں چوالیس سو کیوسک پانی کی ترسیل جاری ہے ،ایگزیکٹو انجینئر

ہفتہ 24 جون 2023 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2023ء) ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال محمد اسلم لونی نے کہا ہے کہ پٹ فیڈر کینال میں چوالیس سو کیوسک پانی کی ترسیل جاری ہے ، آئندہ ہفتے پانچ ہزار کیوسک تک پانی ہمیں ملنا شروع ہو جائے گا ، کینال میں سالانہ بندش کے بعد اب تک تمام شاخوں میں پانی کی ٹیل تک فراہمی کو ممکن کیا جائے گا ، محکمہ ایریگیشن کسانوں کے مسائل حل کرنے اور بروقت پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہا ہے ، محکمے کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، محکمہ ایریگیشن کے انجینئرز پٹ فیڈر کینال کے مفادات میں مصروف ہیں ، انجینئرز ذیلی شاخوں کے ٹیل تک پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی توجہ مبذول کریں ، واویلہ کرنے والوں کی طرف ہرگز متوجہ نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹ فیڈر کینال میں پانی کی صورتحال کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پٹ فیڈر کینال کے ایس ڈی اوز اور دیگر ملازمین موجود تھے ، محمد اسلم لونی نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی صوبائی سیکرٹری آبپاشی عبدالفتاح بھنگر اور ایس ای ایریگیشن عبدالحمید مینگل کے خصوصی احکامات پر کسانوں کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ منصفانہ طریقہ کار سے تمام حقدار زمینداروں کو پانی فراہم کیا جاسکے ، محکمہ ایریگیشن کے انجینئرز کی کاوشوں کے بدولت پٹ فیڈر کینال سے نصیرآباد صحبت پور جعفرآباد استامحمد اور ضلع جھل مگسی کا وسیع و عریض رقبہ سیراب ہوتا ہے ، خشک زمینوں کو سیراب کرنے میں محکمہ ایریگیشن کے انجینئرز اور ملازمین کا کلیدی کردار رہا ہے ، آئندہ بھی ہم کسانوں کے پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرداں رہیں گے ، حکومت بلوچستان کی جانب سے جو بھی ہدایات دی جائیں گی انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں