ہمیں اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی، مجلس وحدت مسلمین

پیر 18 فروری 2019 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں کہاگیا ہے کہ اگر ہمیں ملک کو ترقی کی راہ میں چلتا دیکھنا ہے اور اگر ہم خوشحالی کے خواہاں ہیں تو ہمیں اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی، جب کسی معاشرے کا ہر فرد خود غرضی اور مفاد پرستی میں مبتلا ہو جاتا ہے تو اس معاشرے کا انجام بربادی اور ترقی سے محرومیت کی صورت میں ہمارے سامنے آجاتی ہے۔

آج ہمارے زوال کی بڑی وجہ ہماری خود غرضی اور مفاد پرستی ہے۔ ہمارے ملک میں بہت سی برائیاں موجود ہے جن میں خودغرضی ، بدعنوانی ، حرص و ہوس، مفاد پرستی، عیاری و چالاکی، بے علمی غرض اور دیگرتمام اخلاقی برائیاں شامل ہے ، اسکے علاوہ بدعنوانی اور رشوت ستانی ایک خطرناک بیماری ہے اور یہ تمام عناصر وطن عزیز میں جرائم کو جنم دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کا حال ایسا ہے کہ لوگ نہ سرکاری ہسپتالوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ سرکاری اداروں میں ، اگر انہیں کسی چیز میں دلچسپی ہے تو وہ سرکاری نوکری ہے اور کبھی کبھار اس کے حصول کیلئے بھاری رقم رشوت کی صورت میں دیا جاتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ فرد کی اخلاقی حالت کو سدھارے بغیر محض قانون سازی اور جمہوری اداروں کی بحالی اور بالا دستی سے ہم اپنی قومی اور اجتماعی حالت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ ظلم و اتحصال اور طرح طرح کے زمینی و آسمانی مصائب اور آفات ایسے ہی معاشرے کا مقدر بنتے ہیںجہاں فرد کا کردار بگڑ جائے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات سے محروم ہوجائے۔

بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہم دوسروں کا احتساب تو چاہتے ہیں لیکن خود اپنا احتساب کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اگر سوچنے اور فکر کرنے کو روک دیا جائے تو معاشرے کی عمومی صورتحال یہ ہو جاتی ہے کہ سب ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتے ہیں اور ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر قربان کردیں۔ اس ایثار و قربانی کے نتیجے میں رفتہ رفتہ معاشرے و ملک کی حالت سدھرتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں