پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سمیت معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا،ڈاکٹراحمد زمان جمالی

والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ

بدھ 22 ستمبر 2021 23:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لئے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سمیت معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا،والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ ڈاکٹراحمد زمان جمالی،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،خالد کاسی،قاری عبدالرشیدودیگر نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں پولیو کے بارے میں آگاہی سیشن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان اور افغانستان ہی دنیا کے دو واحد ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس موجود ہے جو معماران قوم یعنی بچوں کے سر پر لٹکتی تلوار کی مانند ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے زیادہ حساس اضلاع و دیگر میں مسلسل پولیو سے بچاؤ کے مہم چلائے جا رہے ہیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ان کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین کے بارے میں بے بنیاد پروپیگنڈے کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہے ان کا کہنا تھا کہ آگاہی مہمات کے ذریعے ہی لوگوں میں پولیو ویکسین سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیاں ختم کی جا سکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لئے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سمیت معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا اس سلسلے میں صرف حکومتی کوششیں کافی نہیں انہوں نے تمام والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ویکسین ضرور پلائیں،انہوں نے کہا کہ پولیو کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی ٹیکہ جات بھی بچوں کے لئے از حد ضروری ہے یہ بچوں میں موذی امراض کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام شعبوں سے منسلک افراد پولیو مرض کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داریاں تندہی سے نبھائے مشترکہ کاوشوں کے بغیر اس مرض کا خاتمہ ممکن نہیں ہو گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں