پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ،ہمیشہ روٹی کپڑا اور مکان کی بات کی ہے ،سردارسربلند جوگیزئی

ہم عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان

پیر 18 اکتوبر 2021 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنمائوں نے سانحہ کار ساز کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی ڈریں گے پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ہے ہم نے ہمیشہ روٹی کپڑا اور مکان کی بات کی ہے اور ہم عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ، آنے والادور پیپلز پارٹی کا ہے بلوچستان کے ہر کونے میں جیئے بھٹو کے نعرے گونجیں گے یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،مرکزی رہنما حاجی اشرف کاکڑ،سمیع بڑیچ ،در محمدہزارہ ،ملک حمید کاکڑ،ناصرآغا اوردیگر نے پیر کو کوئٹہ میں حاجی اشرف کاکڑ کے دفتر میں سانحہ کارساز کے شہدا کی برسی کی مناسب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی رہنما میرمنور لانگو،جبار خلجی،الطاف گجر، لیبر ونگ کے صوبائی صدرشاہجہان گجر، اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر جعفر جارج اوردیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ان کا مشن آگے بڑھانے کا عزم کررکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ 18اکتوبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ملک میں واپس آنے پر پورے پاکستان کے شہریوں میں خوشی کی کیفیت تھی کہ اب ان کا مسیحا آ گیا ہے جو پاکستان کی عوام ، مزدوروں ، کسانوں کو غربت سے نجات دلائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا دن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے ان کا مشن جمہوریت کی سر بلندی اور عسکریت پسندوں کو شکست دینے کا مشن ہے ۔انہوں نے کہا سانحہ کارساز میں خلیل سمالانی جیسے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہید بی بی محترمہ بینظیر بھٹو کے قافلے کے ساتھ اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے زخمی ہونے کے باوجود جیئے بھٹو کے نعرے لگائے پیپلز پارٹی دلیروں،غازیوں او ر شہداء کی پارٹی ہے ضیاء الحق کے دور سے لیکر آج تک پیپلز پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی لیکن لوگ خود ٹوٹ گئے پیپلز پارٹی آج بھی موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن جماعت ہے ہمارے کارکنوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے قائدین کے ہمراہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو نئے پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں ،موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابتک نا اہل اورسلیکٹڈ حکمران لاکھوںکی تعداد میں بے روزگار اور بے گھرکرچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے اورپیپلز پارٹی عوام کو بحرانوں سے نکالے گی۔ تقریب کے اختام پرشہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور غریبوں میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں