-کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کر عوام دشمن اقدامات کیے جارہے ہیں ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

اتوار 23 جنوری 2022 21:20

yکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2022ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں ملک میں بالخصوص اور پشتون بلوچ صوبے میںبالعموم کھاد کی قیمتوں میں ناروا اضافے اور صوبے کیلئے مخصوص کوٹہ کے نہ ملنے اور اس کی مصنوعی قلت پیدا کرکے اسے بلیک میں فروخت کرنے کے عوام دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے کے عوام کی اکثریت کے روزگار کا ذریعہ زراعت سے وابستہ ہے اور گزشتہ سالوں کی قحط سالی، بجلی کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ، حکومت کی جانب سے زرعی سہولیات فراہم نہ کرنے ، زرعی قرضے معاف نہ کرنے، پھلوں اوردیگر فصلوں کے عین سیزن میں ہمسایہ ممالک سے انُ کے پھلوں کی درآمد کرنے کے باعث زمینداراور بزگر پہلے ہی شدید معاشی تباہی کی صورتحال سے دوچار ہیں اور اب نااہل مسلط حکومت کی جانب سے ملک میں کھاد کی عدم فراہمی اور اُن کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ نے زمینداروں اور بزگروں کو مزید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ کھاد کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے واضلاع میں زمینداروں تک رسائی کے دوران مختلف سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو روکنے ، ڈرائیوروں کو تنگ کرنے اور گوداموں پر چھاپے مارکر اسے ضبط کرنے کے عوا م دشمن اقدامات درحقیقت زمینداروں اور بزگروں کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنا ہے جبکہ موجودہ نااہل اور مسلط حکومت اور ان کی بیورورکریسی کے مخصوص عناصر دن رات بڑی شاہراہوں پر سرعام کھاد کی سمگلنگ میں ملوث ہیں جو مسلط حکمرانوں اور ان کے کارندوں کے ساتھ ذاتی وگروہی مفادات کے حصول میں شریک ہیںجو قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔

بیان میں صوبائی حکومت اور ان کے وزیر اعلیٰ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ صوبے کے زمینداروں اور بزگروں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر انہیں کھاد کی ارزاں قیمتوں پر فراہمی کیلئے فوری اقدامات کریں اور وفاقی حکومت پر صوبے کے کوٹے کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور آواز بلند کریں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں