ہیلتھ کارڈ کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے بلوچستان صحت کارڈ فارمیسی قائم کی جارہی ہے،ایم ایس سول ہسپتال

ہفتہ 4 مئی 2024 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے کہا ہے کہ ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے بلوچستان صحت کارڈ فارمیسی قائم کی جارہی ہے،کارپارکنگ اپنی جگہ پر موجود ہے،پارکنگ ایریا میں کسی بھی قسم کی تعمیر نہیں کی جارہی، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی من گھڑت اور بے بنیاد خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔

اپنے ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں بلوچستان صحت کارڈ کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ٹینڈر کا اشتہار اخبار میں دیا گیا تھا،ٹینڈر کا عمل باقاعدہ سے بلوچستان پروکیورمنٹ اتھارٹی کے وضع کردہ رولز اینڈ ریگولیشن کے مطابق مکمل کیا گیا،یہ فارمیسی ہسپتال میں داخل صحت کارڈ کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے قائم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ عوامی ادارہ ہے جہاں پر طبی عملہ دن رات عوام میں خدمت میں مصروف رہتا ہے،انتظامیہ سول ہسپتال کوئٹہ اورایم ایس سول ہسپتال کے بارے میں غلط اور گمراہ کن سوشل میڈیا پوسٹ پر قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں سے رجوع کرلیا گیا،سوشل میڈیا کے دوستوں سے گزارش ہے کہ ہسپتال سے متعلق خبریں بغیر تصدیق کےنہ چلایا کریں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں